1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوئٹزر لینڈ: دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ

امتیاز احمد30 مئی 2016

یورپی ملک سوئٹرز لینڈ نہ صرف اپنی خوبصورتی بلکہ اپنے میگا پروجیکٹس کے ذریعے بھی دنیا کو حیران کیے ہوئے ہے۔ اب یہ ملک پہاڑوں میں بنائی گئی دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ کا افتتاح کرنے جا رہا ہے، جو ایک عجوبے سے کم نہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ix8Z
Schweiz Gotthard Basistunnel
تصویر: picture-alliance/Keystone/M. Ruetschi

’گوٹہارڈ بیس ٹنل‘ ( جی بی ٹی) کا شمار اس ملک کے مہنگے ترین منصوبوں میں ہوتا ہے اور اس ریلوے سرنگ کا افتتاح یکم جون کو کیا جائے گا۔ الپس کے پہاڑوں کے نیچے سے گزرتی ہوئی یہ ریلوے سرنگ 57 کلومیٹر طویل ہے۔ مختلف سرنگوں اور حصوں پر مشتمل یہ راستہ 151 کلومیٹر لمبا ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ماہرین کو 17 برس لگے ہیں۔ اس سے بھی متاثر کن بات یہ ہے کہ اس منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا گیا ہے اور اس پر اضافی لاگت بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے بزنس اسکول میں دنیا کے بڑے منصوبوں پر تحقیق کرنے والے بینٹ فلائی بیرگ کا ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’یہ انتہائی متاثر کن کارکردگی ہے۔ اسی طرح کے کئی دیگر منصوبوں کو مکمل کرنے میں تئیس فیصد اضافی وقت لگا ہے لیکن اس منصوبے کو وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اصل میں یہ منصوبہ 2017ء میں مکمل کیا جانا تھا۔‘‘

Gotthard Basistunnel Schweiz Bahntechnik
تصویر: AlpTransit Gotthard AG

دوسری جانب اس منصوبے پر آنے والی لاگت کو بھی کنٹرول میں رکھا گیا ہے۔ اس پر تقریباﹰ گیارہ ارب یورو کی لاگت آئی ہے، جو ابتدائی تخمینوں سے بیس فیصد زائد ہے لیکن بینٹ فلائی بیرگ کہتے ہیں، ’’ مجموعی طور پر مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ منصوبہ سترہ برسوں سے جاری ہے۔‘‘ فلائی بیرگ اپنے ڈیٹا بینک کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتاتے ہیں کہ اسی طرز کے دیگر منصوبوں کی لاگت میں اوسطاﹰ چونتیس فیصد اضافہ دیکھنے میں آتا ہے جبکہ کئی منصوبوں میں تو اس سے بھی زیادہ اضافی لاگت کا امکان ہوتا ہے۔

فلائی بیرگ اور ان کے ساتھی چھ ہزار ایسے بڑے منصوبوں کا ڈیٹا حاصل کر چکے ہیں، جن پر اربوں یورو خرچ کیے جا چکے ہیں اور کئی برسوں سے جاری رہے ہیں۔ اس تحقیق میں شامل ایک پروفیسر کا کہنا تھا، ’’اپنی نوعیت کے لحاظ سے یہ دنیا کا سب سے بڑا ڈیٹا بینک ہے۔ ہم یہ ڈیٹا دنیا کے چھ براعظموں کے ایک سو سے زائد ملکوں سے اکٹھا کر رہے ہیں۔‘‘ اس ڈیٹا کے مطابق ایسے نوے فیصد تعمیراتی منصوبوں میں مقررہ وقت اور مقررہ اخراجات کے مطابق چلنا ناممکن ہوتا ہے۔

بینٹ فلائی بیرگ کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ اپنے منصوبوں اور ان کی منصوبہ بندی کے لحاظ سے دنیا کے بہترین ممالک میں شامل ہوتا ہے اور اس کی وجہ سے سوئٹزرلینڈ کی شہرت میں اضافہ بھی ہوا ہے۔