بُولے وائیو ٹیسٹ کا پہلا دن، زمبابوے کا پلڑا بھاری
1 ستمبر 2011زمبابوے کے دورے پر گئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس دورے کے دوران کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم کے اوپنرز نے کھیل کا آغاز عمدہ طریقے سے کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے۔
اوپنر وی سبانڈا 45 رنز کے انفرادی اسکور پر سعید اجمل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے اوپنر ماویوا نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پارٹنر شپ جاری رکھی اور پہلے دن کے اختتام تک 82 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کے ون ڈاؤن بلے باز ماسا کاڈزا نے گیارہ رنز بنائے، انہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا۔ کپتان بریڈن ٹیلر بھی سعید اجمل ہی کی ایک عمدہ گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہوں نے دس رنز بنائے۔ پہلے دن کی آخری وکٹ سہیل خان کے حصے میں آئی، جنہوں نے تابو کو 44 کے ذاتی اسکور پر واپس پویلین بھیج دیا۔ تابو کا کیچ وکٹ کیپر عدنان اکمل نے لیا۔
پہلے دن کے اختتام پر سلامی بلے باز ماویوا کے ساتھ اروین 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پاکستانی بولر جنید خان اور عزیز چیمہ کو کوئی کامیابی نہ ملی۔ عزیز چیمہ نے پندرہ اوورز کیے اور جنید خان نے اکیس۔ دونوں نے بالترتیب 48 اور 39 رنز دیے۔
پہلے دن کے اختتام پر زمبابوے کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔ دوسرے دن کے کھیل میں اگر پاکستانی بولرز پہلے سیشن میں وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہے تو پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اس میچ پر گرفت مزید کمزور پڑ سکتی ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک