1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کوچ کی تلاش

30 اگست 2011

پاکستانی کرکٹ حکام نے قومی ٹیم کے نئے کوچ کے انتخاب کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ آئندہ ماہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

https://p.dw.com/p/12Pkp
تصویر: DW

پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے کہا ہے کہ اس چار رکنی کمیٹی کی سربراہی سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم کریں گے۔ بیان کے مطابق کمیٹی پاکستان کے اندر اور بیرون ملک سے بھی امیدواروں پر غور کریں گی۔ اس کمیٹی کے دیگر اراکین میں ظہیر عباس، نوشاد احمد اور رمیز راجہ شامل ہیں۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے بقول آسٹریلیا کے سابق بلے باز ’ڈیو واٹ مور‘ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ واٹ مور سن 1996 کے ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ تھے جبکہ 2007ء میں ہونے والے ’ورلڈ کپ سُپر سِکس‘ مقابلوں کے دوران بھی سری لنکن ٹیم کے کوچ وہی تھے۔ احمد سبحان کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’اگرچہ ’واٹ مور‘ فی الحال بھارت کی قومی کرکٹ اکیڈمی کے ملازم ہیں تاہم اس کے باوجود ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔‘‘

Pakistan Cricket Board
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمدتصویر: DW

پاکستان کے اندر عاقب جاوید کو اس عہدے کے لیے انتہائی موزوں امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ وہ رواں برس تک وقار یونس کے نائب کے طور پر بھی کام کرتے آئے ہیں۔

ماضی میں پاکستانی ٹیم کی طرف سے ناقص کارکردگی دکھانے پر کوچز کی برطرفی کی ایک کڑوی تاریخ موجود ہے۔ پاکستان کی طرف سے ماضی میں جنوبی افریقہ کے Richard Pybus اور آسٹریلیا کے جیف لاسن کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں لیکن ان دونوں کوچز کو ان کے معاہدے کی مدت پوری ہونے سے پہلے ہی برطرف کر دیا گیا تھا۔

انگلینڈ کے سابق بیٹسمین باب وولمر بھی دو ہزار چار سے دو ہزار سات کے درمیان پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہے تھے۔ سن 2007 کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کی آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد وہ پر اسرار حالات میں انتقال کر گئے تھے۔

پاکستان کی طرف سے گزشتہ برس آسٹریلیا کے گریگ چیپل سے بھی رابطہ کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

موجودہ کوچ وقار یونس طبی وجوہات کی بنا پر دورہ زمبابوے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں