1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں ٹی وی سیریل کی وجہ سے لڑائی، سو افراد زخمی

مقبول ملک20 اگست 2016

بنگلہ دیش میں سینکڑوں دیہاتی ایک تصوراتی ٹی وی سیریل کے پلاٹ پر لڑ پڑے، جس کے نتیجے میں کم از کم سو افراد زخمی ہو گئے۔ یہ لڑائی ضلع حبیب گنج میں ہوئی اور تنازعے کی وجہ کرن مالا نامی مشہور بنگلہ کہانی پر ٹی وی سیریل بنی۔

https://p.dw.com/p/1Jm5q
Bangladesch Anschlag Schießerei in Dhaka
تصویر: picture alliance/AA/H. Chowdhury

بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا سے ہفتہ بیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بدھ سترہ اگست کی رات حبیب گنج کے ایک ریستوراں میں سینکڑوں کی تعداد میں ناظرین جمع تھے کہ وہاں کرن مالا نامی ٹی ویل سیریل کے پلاٹ پر بحث شروع ہو گئی۔

کرن مالا ایک ایسی تصوراتی لیکن بہت مشہور بنگلہ کہانی ہے، جس کی مرکزی کردار ایک بہت بہادر شہزادی ہے، جو برائی کے خلاف جنگ کرتے ہوئے انسانیت کو بچاتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ٹی وی سیریل کے لیے اس کہانی کے پلاٹ پر بحث کے دوران حاضرین کے درمیان اختلاف رائے اتنا شدید ہو گیا کہ سینکڑوں افراد آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔

حبیب گنج کی ضلعی پولیس کے مطابق پولیس کو مداخلت کرتے ہوئے ربڑ کی گولیاں فائر کرنے کے علاوہ ان افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس بھی استعمال کرنا پڑی، لیکن صورت حال پھر بھی پوری طرح قابو میں نہ آ سکی۔

پولیس نے بتایا کہ ’ڈھول‘ نامی گاؤں کے ایک ریستوراں میں یہ مشتعل لیکن آپس میں حریف شائقین رات بھر لڑتے رہے، جس دوران انہوں نے ریستوراں میں توڑ پھوڑ بھی کی اور ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور چاقوؤں سے حملے بھی کیے۔

مقامی پولیس کے سربراہ یاسین الحق نے بتایا کہ تنازعے کی وجہ اس سیریل کی ایک قسط میں کہانی میں اچانک آنے والا ایک ایسا موڑ بنا، جس پر پہلے دو افراد کے مابین اختلاف رائے پیدا ہوا اور پھر یہ معاملہ ناظرین کے دو بڑے گروپوں کے درمیان تصادم کی شکل اختیار کر گیا۔

یاسین الحق نے بتایا، ’’پولیس نے لڑائی میں شریک افراد کو منتشر کرنے کی کوشش تو کی لیکن ان کے مابین تصادم جمعرات کی صبح تک جاری رہا، جس دوران کم از کم 100 افراد زخمی ہوئے۔ یہ گاؤں ملکی دارالحکومت ڈھاکا سے 176 کلومیٹر شمال مشرق کی طرف واقع ہے اور 15 افراد اتنے زیادہ زخمی ہوئے کہ انہیں علاج کے لیے ہسپتال داخل کرانا پڑ گیا۔

اے ایف پی کے مطابق اس واقعے کے بارے میں ایک بنگلہ دیشی صارف نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ’’کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہم صرف ٹی وی ڈراموں میں اداکاری پر بھی اتنی شدید لڑائی لڑنے لگتے ہیں کہ سو افراد زخمی ہو گئے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں