انڈین ویلز ماسٹرز: نادال سیمی فائنل ہار گئے
21 مارچ 2010تاہم نادال نے اس میچ کے بعد ہفتے کی رات کہا کہ انڈین ویلز ماسٹرز گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران وہ پہلا ٹورنامنٹ ہے، جس میں انہوں نے شرکت کی اور اس ٹورنامنٹ میں اپنی مجموعی کارکردگی سے ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔
اس ہسپانوی کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ انڈین ویلز ماسٹرز کے سیمی فائنل میں وہ لیوبیچچ کے خلاف اتنا اچھا کھیل رہے تھے کہ انہیں یہ محسوس ہو رہا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل بھی جیتیں گے ۔ نادال نے کہا: ’’میری شکست ایک حادثہ ہے، لیکن محض ایک ہفتے بعد فلوریڈا میں موجودہ سیزن کا اگلا ماسٹرز ٹورنامنٹ بھی شروع ہو رہا ہے۔ میری نظریں اب اسی پر لگی ہیں۔‘‘
انڈین ویلز ٹورنامنٹ میں نادال کی شرکت آسٹریلین اوپن کے ایک کوارٹر فائنل میں اینڈی مرے کے ساتھ مقابلے دوران گھٹنے پر لگنے والی چوٹ کے بعد سے کسی ATP ٹورنامنٹ میں پہلی شمولیت تھی۔ اس چوٹ کی وجہ سے انہیں آسٹریلین اوپن سے دستبردار ہونا پڑ گیا تھا۔
انڈین ماسٹرز مقابلوں میں رافائل نادال کی خواہش تھی کہ وہ امسالہ فائنل جیت کر گزشتہ چار برسوں میں مجوعی طور پر یہ ٹائٹل تیسری مرتبہ بھی جیت لیں۔ لیکن اس 23 سالہ ہسپانوی کھلاڑی کے ارادوں کو کروشیا کے ایوان لیوبیچچ نے ناکام بنا دیا، جن کے کھیل کی خاص بات ان کی شاندار سروس ہے۔
نادال آج تک لیوبیچچ کے خلاف کل سات میچ کھیل چکے ہیں جن میں سے ہفتے کی شام ہونے والے میچ میں لیوبیچچ کی کامیابی نادال کی صرف دوسری ناکامی تھی۔ بائیں بازو سے کھیلنے والے نادال موجودہ سیزن میں اب تک کل 15 میچ کھیل چکے ہیں، جن میں سے 12 میں انہیں فتح حاصل ہوئی جبکہ تین مقابلوں میں ان کے حریف کھلاڑی ان سے بہتر ثابت ہوئے۔
رپورٹ : مقبول ملک
ادارت : شادی خان سیف