1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس کی سابق عالمی نمبر ایک ایمیلی موریسمو ریٹائرڈ

6 دسمبر 2009

ٹینس کورٹ میں زوردار کھیل پیش کرنے والی فرانسیسی کھلاڑی موریسمو نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ماہرین کے خیال میں ٹینس کی دنیا ایک ہو نہار کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Kr6R
تصویر: AP

اگر ٹینس کی دنیا میں بیلجیئم کی سابقہ عالمی نمبر ایک جسٹن ہینن کی واپسی پر مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے تو ایسے میں ایک اور سابقہ عالمی نمبر ایک ایمیلی موریسمو نے کھیل کو مکمل طور پر خیر باد کہہ دیا ہے۔

فرانس سے تعلق رکھنے والی تیس سالہ کھلاڑی کا خیال ہے کہ ڈھلتی عمر کے ساتھ تربیتی جبر کی وہ اب مزید متحمل نہیں ہو سکتیں۔ موریسمو کے خیال میں اگر کھلاڑی پوری طرح فٹ نہیں ہے تو اُس کو کورٹ میں اترنا نہیں چاہئے کیونکہ یہ ایک مذاق کے مترادف ہے۔

موریسمو کا اپنی ریٹائر منٹ کے حوالے سے مزید کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ انتہائی غوروخوض کے بعد کیا ہے جو اُن کی اندرونی اسطاعت پر مبنی ہے کہ وہ مستقبل میں اور کتنا بہتر کھیل پیش کر سکتی ہیں۔

ایمیلی موریسمو کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ وہ کورٹ میں انتہائی زور دار کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اُن کی شاندار سروس اپنی مثال آپ تھی۔ اِس کے علاوہ ٹینس ورلڈ میں بیک ہینڈ شارٹ لگانے میں وہ کھیل کی بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہو تی تھیں۔ وہ فرانس سے ضرور تعلق رکھتی تھیں لیکن اُن کے نصیب میں اپنے ملک کے دارالحکومت میں کھیلے جانے والا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن جیتنا نہیں لکھا تھا۔ ایمیلی موریسمو نے پانچ سال کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا اور اُن کی ٹینس کورٹ میں عمر پچیس سالوں پر محیط تھی۔ عالمی سطح پر پروفیشنل مقابلوں میں مجموعی طور پر ایمیلی موریسمو سولہ سال تک مختلف ٹورنامنٹس میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ اِس دوران پچیس ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کے اہم ٹورنامنٹ کی وہ فاتح رہیں۔ فرانس کے لئے ٹیم ٹورنامنٹ فیڈریشن کپ جیتنے میں بھی وہ نمایاں تھیں۔ سن دو ہزار پانچ میں سال کا آخر ٹورنامنٹ بھی وہ جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔

ایمیلی موریسمو کو سن انیس سو ننانوے میں خاصی مشکلات کا سامنا ہوا جب اُن پر ہم جنس پرستی کا الزام لگایا گیا تھا۔ اُن کے کھیل کا عروج سن دو ہزار چار میں تھا جب انہوں نے پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک کا مقام حاصل کیا۔ اس کے بعد سن دو ہزار چھ میں ایمیلی موریسمو نے آسٹریلین اوپن اور ویمبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل