1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: خود کش حملے میں پانچ ایساف فوجی ہلاک

16 اپریل 2011

مشرقی افغانستان میں واقع ایک آرمی بیس پر طالبان عسکریت پسندوں کے ایک خود کش حملے میں پانچ غیر ملکی فوجیوں سمیت چار افغان فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10ugP
تصویر: AP

گزشتہ برس دسمبر سے لے کر اب تک انتہاپسند طالبان عسکریت پسندوں کا غیر ملکی فوجیوں پر کیا جانے والا یہ بدترین حملہ ہے۔ دسمبر کے ایک حملے کے دوران چھ نیٹو اور دو افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ ہفتہ کے روز یہ حملہ صوبہ لغمان میں جلال آباد شہر کے مغرب میں واقع ایک فوجی اڈے پر کیا گیا۔ خود کش حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھا۔

ایساف (ISAF) فورسز کے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’ آج مشرقی افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں پانچ ایساف اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔‘‘

تاہم ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شہریت اور نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری کیے گئے ایک علیحدہ بیان میں چار افغان فوجیوں کے ہلاک اور آٹھ دوسرے افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، زخمیوں میں چار مترجم بھی شامل ہیں۔

Afghanistan Selbstmordattentäter sprengt sich und vollbesetzten Armeebus in die Luft
گزشتہ روز افغان صوبے قندھار میں ہونے والے ایک خود کش حملے میں قندھار پولیس کے سربراہ ہلاک ہوئے تھےتصویر: AP

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خبر رساں ادرے اے ایف پی کو ٹیلفون پرحملے کی ذمہ داری قبول کی اطلاع دی۔

ایساف کے ایک ترجمان میجر ٹم جیمز نے بتایا ہے کہ حملے کے وقت ایک سو سے زائد نیٹو فوجی وہاں موجود تھے۔ افغانستان کے شورش زدہ علاقوں کے اندرحالیہ دنوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکام کے مطابق صرف گزشتہ چند دنوں میں عسکریت پسندوں کی طرف سے کم از کم نو حملے کیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز افغانستان کے صوبے قندھار میں ہونے والے ایک خود کش حملے میں صوبائی پولیس کے سربراہ خان محمد مجاہد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان پر اس سے پہلے بھی کئی حملے کیے جا چکے ہیں۔ رواں برس افغانستان میں 120 سے زائد غیر ملکی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ افغانستان میں اس وقت تقریباﹰ ایک لاکھ تیس ہزار غیر ملکی فوجی تعینات ہیں، جن میں سے دو تہائی تعداد امریکی فوجیوں کی ہے۔

Kabul Anschlag Flughafen Terror Taliban
رواں برس افغانستان میں 120 سے زائد غیر ملکی فوجی مارے جا چکے ہیںتصویر: AP

یاد رہے کہ ملک کے سات نسبتاﹰ پر امن علاقوں سے بین الاقوامی فوجیوں کا انخلاء رواں برس جولائی سے شروع کیا جائے گا۔ غیر ملکی افواج سن 2014 تک افغانستان سے انخلا کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انخلا کے بعد ملکی سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دی جائیں گی۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے جمعرات کے روز برلن میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں خبردار کیا ہے کہ افغانستان آپریشن میں شامل ممالک کو وہاں سے ’سیاسی مصلحت‘ کی وجہ سے نکلنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے۔ ان کہنا تھا کہ وہاں سے جلدی میں نکلنے کی بات ’محدود سیاسی سوچ‘ ہے۔

دریں اثناء مغربی افغان صوبے فرح میں سڑک کنارے رکھے ایک بم پھٹنے کے واقعہ میں کم از کم دو افراد کے ہلاک ہونے کی مقامی حکام نے تصدیق کی ہے۔ ان ہلاک شدگان میں ایک بچہ شامل ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں