1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

یوکرین: ایزیوم میں اجتماعی قبریں دریافت، سینکڑوں لاشیں برآمد

16 ستمبر 2022

یوکرینی فورسز نے ایزیوم شہر کو حال ہی میں روسی افواج سے بازیاب کیا تھا۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ اجتماعی قبروں کے بارے میں آج مزید مستند معلومات فراہم کی جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/4Gwzl
Ukraine-Krieg - Izium I Massengrab
تصویر: Evgeniy Maloletka/AP/picture alliance

یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی شہر ایزیوم کے قریب جنگل میں انہیں اجتماعی قبریں ملی ہیں۔ اس علاقے پر روسی افواج کا قبضہ تھا اور چند روز قبل ہی یوکرین کے فورسز نے اسے دوبارہ اپنے کنٹرول میں لیا تھا۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات کی رات کو ملک سے اپنے خطاب میں اجتماعی تدفین کے مقام کی دریافت کا انکشاف کیا، جس میں ان کے مطابق تقریباً 440 لاشیں پائی گئی ہیں۔

 انہوں نے اپنے معمول کے خطاب میں کہا، ''خارکیف کے ایزیوم علاقے میں ایک اجتماعی تدفین کی جگہ ملی ہے۔ اس حوالے سے، وہاں پہلے سے ہی ضروری طریقہ کار شروع ہو چکے ہیں۔ جمعے کے روز مزید معلومات، واضح اور تصدیق شدہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔''

ڈونباس میں اجتماعی قبریں، روس کا پہلا سرکاری بیان

 یوکرینی صدر نے مزید کہا، ''ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کو معلوم ہو کہ حقیقت میں کیا ہو رہا ہے اور روسی قبضے کی وجہ سے ہوا کیا ہے۔'' انہوں نے مزید کہا کہ پہلے، ''بوچا پھر ماریوپول اور اب بدقسمتی سے ایزیوم... روس ہر جگہ موت کو چھوڑتا جا رہا ہے، اور اسے اس کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔''

گزشتہ ہفتے یوکرین کی جوابی کارروائی کے بعد ماسکو نے خارکیف کے ایزیوم اور دیگر علاقوں سے اپنی فوج کو پیچھے ہٹا لیا تھا، جس کی وجہ سے ہزاروں روسی فوجیوں کو فرار ہونے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔

چار سو سے زائد لاشیں برآمد

خارکیف علاقے کے پولیس سربراہ سرہی بولوینوف، جو اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں، نے جمعرات کو برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو بتایا کہ اجتماعی قبر سے ملنے والی ہر لاش کی فورینزک تفتیش کی جا رہی ہے۔

Ukraine-Krieg - Izium I Massengrab
صحافیوں نے جمعرات کے روز ایزیوم کے باہر ایک جنگل کا دورہ کیا۔ ان کے مطابق درختوں کے درمیان سیکڑوں قبریں تھیں جن میں لکڑی کی سادہ صلیبیں بھی تھیں اور بیشتر پر نمبر بھی درج تھےتصویر: Evgeniy Maloletka/AP/picture alliance

بولوینوف نے کہا، ''میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ آزاد کرائے گئے (علاقوں) کے ایک بڑے قصبے میں یہ سب سے بڑی تدفین کی جگہوں میں سے ایک ہے... 440 لاشوں کو ایک ہی جگہ دفن کیا گیا۔'' ان کا مزید کہنا تھا، ''کچھ کی موت توپ خانے کی فائر کی وجہ سے ہوئی...کچھ کی موت فضائی حملوں کی وجہ سے ہوئی۔''

بدھ کے روز زیلنسکی نے ایزیوم کے سٹی ہال میں قومی پرچم کی نمائش کا نظارہ کرنے کے لیے دارالحکومت کیف سے باہر کا اپنا سفر بھی کیا۔

سٹالن دور کی اجتماعی قبریں، ہزار ہا انسانوں کی جسمانی باقیات

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے صحافیوں نے جمعرات کے روز ایزیوم کے باہر ایک جنگل کا دورہ کیا۔ ان کے مطابق درختوں کے درمیان سیکڑوں قبریں تھیں جن میں لکڑی کی سادہ صلیبیں بھی تھیں اور بیشتر پر نمبر بھی درج تھے۔

ایک بڑی قبر پر ایک نشان لگا ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اس میں 17 یوکرینی فوجیوں کی لاشیں ہیں۔ اس دوران میٹل ڈیٹیکٹر والے تفتیش کار کسی بھی پوشیدہ ممکنہ دھماکہ خیز مواد کی جگہ کا پتہ لگانے کی بھی کوشش کر رہے تھے۔

مزید امریکی امداد

یوکرین نے شمال مشرقی خارکیف کے علاقے میں دو ہفتوں کی تیز رفتار کامیابیوں کے بعد ایزیوم کو آزاد کرا لیا ہے۔ یوکرائنی حکام کا دعوی ہے کہ اس مہینے کے آغاز سے، انہوں نے اپنے ملک کے تقریباً 9,000 مربع کلومیٹر علاقے کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے، جو تقریبا جزیرہ قبرص کے سائز کے برابر کا علاقہ ہے۔

یوکرین کو اب تک کس ملک نے کتنے ہتھیار مہیا کیے؟

درمیں اثنا جمعرات کو ہی امریکہ نے 60 ارب ڈالر تک کی مزید فوجی امداد کے نئے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس پیکج میں عسکری آلات کے ساتھ ساتھ خدمات و تربیت بھی شامل ہے۔ تاہم اس کے تحت کون سے ہتھیار فراہم کیے جائیں گے اس کی، وضاحت نہیں کی گئی۔

رواں برس 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد سے امریکہ نے کیف کو اب تک تقریبا ً 15 ارب ڈالر سے زیادہ کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے)

روس نے یوکرینی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا