1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوم پاکستان فوجی پریڈ، اماراتی دستے پہلی مرتبہ شامل

23 مارچ 2018

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں فوجی پریڈ کے دوران ملکی عسکری طاقت کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2upoO
Pakistan Nationalfeiertag in Islamabad | Präsident Mamnoon Hussain
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

اسلام آباد میں فوجی پریڈ کے دوران مختصر فاصلے پر حملہ کرنے والے میزائلوں، ٹینکوں، ڈرونز اور دیگر عسکری سامان کی نمائش کی گئی۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس برس متحدہ عرب امارات کے فوجی دستے پہلی مرتبہ یوم پاکستان کے دوران فوجی پریڈ میں شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں ترکی اور اردن کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شریک تھے جب کہ سری لنکا کے صدر میتھریپالا سری سینا تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔‍

Pakistan Nationalfeiertag in Islamabad | Präsident Mamnoon Hussain
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

78ویں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی صدر ممنون حسین  نے گزشتہ ایک دہائی سے ہزاروں پاکستانیوں کو ہلاک کرنے والے عسکریت پسندوں کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے  اسلام آباد میں یومِ پاکستان کی تقریب کے دوران موبائل سروسز کو معطل رکھا گیا۔ سکیورٹی حکام کو خدشہ تھا کہ موبائل فونز کو  بم دھماکوں کے لیے بطور ’ریموٹ کنٹرول‘ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت کے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستانی اور غیر ملکیوں کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا

آج تئیس مارچ کو صدر پاکستان 141 پاکستانی اور غیر ملکی افراد کو ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ملک کے اعلٰی ترین سویلین ایوارڈ سے بھی نوازیں گے۔ رواں سال کے سویلین ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں کیوبا کے فیڈل کاسترو بھی شامل ہیں۔ فیدل کاسترو کو یہ اعزاز سن 2005 میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے دوران کیوبا کے ڈاکٹروں کی خدمات کے عوض دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور وکیل عاصمہ جہانگیر کو پاکستان میں جمہوریت، اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اعلٰی سویلین ایوارڈ ستارہ امتیاز سے دیا جا رہا ہے۔ جب کہ پاکستانی کرکٹ کے کھلاڑی یونس خان، آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی، معروف گلوکار شہزاد رائے اور مصنف محمد حنیف بھی اس برس یہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

یوم پاکستان کی پریڈ میں چینی، ترکی اور سعودی فوجی