1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپین فلم ایوارڈ 2011ء، اور بہترین فلم قرار پائی ’میلینکولیا‘

4 دسمبر 2011

جرمن دارالحکومت برلن میں منعقد ہوئی یورپی فلم ایوارڈز کی 24 ویں سالانہ تقریب میں بہترین فلم کا انعام ڈنمارک کے ہدایتکار لارس فان ٹریئر کی ڈرامائی فلم ’میلینکولیا‘ نے جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/13ME7
فلم ’میلینکولیا‘ کا ایک منظرتصویر: Concorde Filmverleih

یورپ کے آسکر انعام تصور کیے جانے والے ان فلمی ایوارڈز کی تقریب میں ڈینش ہدایتکار لارس فان ٹریئر کی فلم Melancholia کے حصے میں مجموعی طور پر تین ایوارڈز آئے۔ یہ فلم کل آٹھ کیٹیگریز میں انعام کے لیے نامزد کی گئی تھی۔ اس فلم کے کیمرہ مین Manuel Alberto Claro کو بہترین سنیمیٹوگرافی کا ایوارڈ دیا گیا جبکہJette Lehmann نے بہترین پروڈکشن ڈیزائنرکا ایوارڈ جیتا۔

’میلینکولیا‘ نامی اس فلم میں بڑی تیز رفتاری سے زمین کی طرف آنے والے ایک دوسرے سیارے کی وجہ سے زمین پر آنے والی تباہی کے ڈرامائی ماحول میں مختلف شخصیات کی حامل دو بہنوں کی کہانی کو موضوع بنایا گیا ہے۔

لارس فان ٹریئر ہفتہ کی رات منعقد ہوئی یورپی فلم ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ ان کی جگہ بہترین فلم کا ایوارڈ اس فلم کے پروڈیوسرز نے وصول کیا۔ انعام وصول کرتے ہوئے لارس فان ٹریئر کی ایک خاتون ساتھی نے تقریب میں شامل افراد سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’میں لارس فان ٹریئر کی طرف سے آپ کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے آپ کے لیے کوئی پیغام نہیں دیا ہے کیونکہ انہوں نے فیصلہ کر رکھا ہے کہ وہ اب مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔ میں نہیں جانتی کہ ایسا کیوں ہے۔ لیکن لارس فان ٹریئر نے مجھے کہا ہے کہ میں یہ انعام وصول کرتے وقت آپ کو تہہ دل سے دوستانہ سلام کروں‘۔

Lars Von Trier Regisseur Dänemark
ڈینش ہدایتکار لارس فان ٹریئرتصویر: picture alliance/dpa

رواں برس کن فلم فیسٹیول کے دوران لارس فان ٹریئر نے نازی رہنما ہٹلر کے بارے میں ایک متنازعہ بیان دیا تھا، جس پر ان کی خوب سرزنش کی گئی تھی۔ بہترین ہدایتکار کا انعام لارس فان ٹریئر کی ہم وطن Susanne Bier کے حصے میں آیا۔ انہیں یہ ایوارڈ ’ان اے بیٹر ورلڈ‘ نامی فلم پر دیا گیا۔

بہترین یورپی اداکارہ کا ایوارڈ Tilda Swinton کو دیا گیا۔ ناقدین کے بقول انہوں نے فلم We Need To Talk About Kevin میں انتہائی عمدہ پرفارمنس دی۔ اس مرتبہ جرمن دارالحکومت برلن میں منعقد ہوئی ان ایوارڈز کی تقریب میں بہترین یورپی اداکار کا انعام فلم ’کنگز اسپیچ‘ میں جادوئی اداکاری کے جوہر دکھانے پر کولن فِرتھ کے نام کیا گیا۔

یورپی فلم ایوارڈز برائے سال 2011 کی بہترین دستاویزی فلم جرمن ہدایتکار Wim Wenders کی Pina قرار پائی۔ بہترین میوزک کے لیے فلم ’دی آرٹسٹ‘ پر کمپوزر Ludovic Bource کو منتخب کیا گیا۔ بہترین اینیمیٹڈ فلم Chico & Rita رہی جبکہ بہترین یورپی فلم ایڈیٹر کا اعزاز فلم کنگز اسپیچ میں اعلیٰ ایڈیٹنگ کرنے پر طارق انور کو دیا گیا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں