1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی بجٹ قوانین میں اصلاحات، اجلاس جمعرات کو

12 ستمبر 2010

یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سربراہان اگلے ہفتہ اپنے ایک اجلاس میں یورپی وزرائے خزانہ کی ٹاسک فورس سے یہ مطالبہ کریں گے کہ بجٹ سے متعلق یورپی قوانین میں اصلاحات کی کوششیں تیز رفتار بنائی جائیں۔

https://p.dw.com/p/PAFm
یورپی یونین کا اجلاس آئندہ ہفتے جمعرات کو ہو گاتصویر: AP

یہ مطالبہ رکن ملکوں کے قومی بجٹ منصوبوں میں بہتری کے سلسلے میں اب تک نظر آنے والی اس سست رفتاری کی وجہ سے کیا جائے گا، جو یورپی کمیشن اور یورپی سربراہان مملکت و حکومت میں اب تک کسی حد تک ناامیدی کا سبب بنی ہے۔

ستائیس ممالک پر مشتمل یورپی یونین کا یہ سربراہی اجلاس آئندہ ہفتے جمعرات کے روز ہو گا۔ اس اجلاس کے اختتام پر جاری کی جانے والی دستاویز کے مسودے کے مطابق یورپی کونسل اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ یورپی یونین کی اقتصادی پالیسیوں میں اصلاحات کا عمل اور اس کا تیز رفتار ہونا کتنا ضروری ہے۔

اسی لئے کونسل اس سال اکتوبر میں ہونے والے اپنے اجلاس میں اس بارے میں ٹاسک فورس کی طرف سے حتمی رپورٹ پیش کئے جانے کا انتظار کر رہی ہے۔ اس رپورٹ میں وہ تجاویز شامل ہوں گی، جن کی روشنی میں یورپی یونین کے بجٹ قوانین میں اصلاحات کے لئے نئے ضابطوں کی پارلیمانی منظوری کا عمل اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔

Fotomontage Flaggen Serbien EU Symbolbild NO FLASH
تصویر: AP/DW

خبر ایجنسی روئٹرز کو ملنے والی اس دستاویز کی تفصیلات کے مطابق یورپی کونسل اس بات کا خیر مقدم کرتی ہے کہ اب تک اس بارے میں قابل ذکر پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، خاص طور پر رکن ریاستوں کی اقتصادی کارکردگی کی نگرانی کے فریم ورک کی تیاری میں۔

یورپی یونین میں شامل ملکوں کے وزرائے خزانہ نے گزشتہ منگل کو یہ منظوری دی تھی کہ آئندہ وہ اپنے اپنے ملکوں کے بجٹ منصوبوں کی تفصیلات قبل از وقت جائزوں کے لئے یورپی کمیشن اوردیگر رکن ملکوں کی حکومتوں کو پیش کیا کریں گے۔

ان اقدامات کا مقصد یونین میں مالیاتی نظم و ضبط کی صورت حال کو بہتر بنانا ہے تاکہ مستقبل میں ریاستی قرضوں سے متعلق اس طرح کے شدید بحرانوں سے بچا جا سکے،جیسا کہ کچھ عرصہ پہلے یونان کی وجہ سے پیدا ہو گیا تھا۔

یورپی وزرائے خزانہ کے گزشتہ منگل کو منظورہ کردہ منصوبے کے تحت تمام ملک یورپی کیمشن کو اپنی بجٹ تجاویز کے مرکزی نکات پر مشتمل فریم ورک ہر سال اپریل کے مہینے کے ختم ہونے سے قبل بھجوا دیا کریں گے۔

یوں یورپی کمیشن ہر مالی سال کی کم ازکم پہلی ششماہی میں اس عمل کی نگرانی کیا کرے گا کہ آیا متعلقہ ملک میں بجٹ پالیسی پر درست عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ دوسری صورت میں بجٹ معاملات میں بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی فوری طور پر نشاندہی اور ان کی اصلاح کی جا سکے گی۔

رپورٹ : عصمت جبیں

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں