1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ لیگ میں جرمن کلبز کا شاندار آغاز

17 ستمبر 2010

یورپ میں کلب سطح پر فٹ بال کا دوسرا اہم ٹورنامنٹ یورپ لیگ شروع ہوگیا ہے۔ اس مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں جرمنی کے تین کلبز شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/PEDe

یورپ میں ان دنوں فٹ بال عروج پر ہے، ایک جانب ’یورپین کپ‘ کے لئے کوالیفائنگ میچز کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب چیمپئنز لیگ اور یورپ لیگ ٹورنامنٹ بھی شروع ہوگئے ہیں۔ اس مرتبہ یورپ لیگ کے گروپ فیز میں جرمن کلبز میں سے بائر لیورکوزین، شٹٹ گارٹ اور ڈورٹمنڈ نے کوالیفائی کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ ڈے میں جرمنی کے تینوں کلبز نے اپنے حریفوں کو مات دی۔ ’’یعنی تین میچ، تین کامیابیاں‘‘۔

Europa League - Bayer 04 Leverkusen gegen Tawrija Simferopo
لیورکوزین نے ناروے کے کلب روزن بورگ کو چار صفر سے شکست دیتصویر: picture-alliance/Mika

لیورکوزین نے ناروے کے کلب روزن بورگ کو چار صفر، شٹٹ گارٹ نےسوئٹزرلینڈ کے ینگ بوائز کو تین صفر جبکہ ڈورٹمنڈ نے یوکرائن سے تعلق رکھنے والے کلب کارپیٹی کوچار تین سے شکست دی۔ لیورکوزین کے چار گول میں پیٹرک ہیلمس کی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یورپ لیگ میں گزشتہ روز جرمنی کا دن تھا۔ لیورکوزین اور ڈروٹمنڈ کے برخلاف شٹٹگارٹ نے جرمن قومی فٹ بال لیگ میں اپنا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا تھا۔

جہاں جرمن کلبز کے لئے یہ ایک شاندار آغاز تھا وہیں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے ہسپانوی کلب ’ایٹلیٹیکومیڈرڈ‘ گروپ فیزکا اپنا پہلا میچ نہ جیت سکا۔ یوروگوائے کے مایہ ناز کھلاڑی ڈیاگو فورلان کی ٹیم یونان کے ایک کلب سے ایک صفر سے ہار گئی۔ میچ کا واحد گول سپین کے کھلاڑی خاویتو نےکھیل کے 59ویں منٹ میں کیا۔

Kombibild Pokale Champions League Europa League
چیمپئنز لیگ اور یورپ لیگ دونوں کے پہلے میچ ڈے مکمل ہو گئے ہیںتصویر: AP/DW

اسی طرح ’یورپ لیگ‘ ریکارڈ مرتبہ جیتنے والے اطالوی کلب یووینتوس تورین کا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ ٹورنامنٹ کی ایک فیورٹ ٹیم مانچسٹرسٹی بھی ہے۔ اس کلب نے اپنے پہلے میچ میں زالسبرگ کو دو صفر سے شکست دی۔

ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں 32 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا اوراس میں گروپ میں پہلی تین ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ گروپ میں آخری نمبر پرآنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اگلے راؤنڈ میں بھی گروپ کی پہلی دو ٹیمیں ہی کوالیفائی کرتی ہیں۔

اس طرح یورپ لیگ کا پہلا میچ ڈے 16 ستمبرکو ختم ہوا۔ دوسرا میچ ڈے 30 ستمبر کوکھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ 16 دسمبرکو اختتام پذیر ہو گا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : ندیم گل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید