1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ چیمپئن: اٹلی کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست

12 جولائی 2021

ایک سنسنی خیز مقابلے میں اٹلی، انگلینڈ کو پینلٹی شوٹ آوٹ میں دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر یورو کپ چیمپئن بن گیا۔ میچ کے بعد مداحوں کے درمیان تشدد کے واقعے کے سلسلے میں 45 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3wLe3
EURO2020 I Italien - England
تصویر: Nick Potts/PA/dpa/picture alliance

یورو کپ 2020 کا فائنل مقابلہ سنسنی خیز رہا۔ مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ کن بنانے کے لیے تیس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا لیکن اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔ اس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آوٹ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس میں اٹلی نے انگلینڈ پر دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔

پینلٹی شوٹ آوٹ سے انگلینڈ کے خلاف اٹلی کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے 1968 میں انگلینڈ کو پینلٹی شوٹ سے ہرایا تھا۔ اس طرح اس مرتبہ بھی انگلینڈ کا چیمپئن بننے کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ 1966کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ ایک بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا۔

اتوار کی رات ہونے والے اس فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن، شہزاہ ولیم، کیٹ مڈلٹن بھی موجود تھے۔ جب کہ ہالی وڈ کے اداکار ٹام کروز اور شہرہ آفاق فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

EURO2020 I Finale I England v Italien
تصویر: Paul Ellis/REUTERS

انگلینڈ کی ابتدا میں برتری

انگلینڈ نے میچ شروع ہوتے ہی اٹلی کے خلاف گول کرکے برتری حاصل کرلی تھی تاہم اٹلی کے لیونارڈو بنوچی نے کھیل کے 67 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلے کو برابری پر لا دیا۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس(اے پی) کے مطابق مقررہ اور پھر تیس منٹ کے اضافی وقت تک جب کوئی گول نہیں ہوسکا تو پینلٹی شوٹ آوٹ کا مرحلہ آیا۔ اس میں انگلینڈ کے تین سیاہ فام کھلاڑی اپنی پنالٹیز پر گول اسکور نہ کرسکے۔ ان میں بوکایوساکا، مارکوس ریش فورڈ اور جاڈون سانچو شامل ہیں۔

EURO2020 I Finale I England v Italien
تصویر: Paul Childs/Reuters

انگلینڈ کے مداح ناراض

اٹلی کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کے مذکورہ تینوں سیاہ فام کھلاڑیوں کو نسلی تعصب پر مبنی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف 'نسل پرستانہ اور توہین آمیز‘ پیغامات پوسٹ کیے گئے۔

لندن کی پولیس ان پیغامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے اس حرکت کے خلاف مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ان کھلاڑیوں کے خلاف استعمال کی جانے والی زبان سے 'شدید رنج‘ پہنچا ہے۔

EURO2020 I Italien - England
تصویر: Christian Charisius/dpa/picture alliance

مداحوں کے درمیان ہاتھا پائی

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کے روز برطانوی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اٹلی اور انگلینڈ کے درمیان فائنل میچ کے بعد ویمبلے اسٹیڈیم کے قریب موجود مداحوں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔

ان واقعات میں انیس پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ پولیس نے 45 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

فائنل میں اٹلی کی فتح پر برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزاہ ولیم نے اطالوی ٹیم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے برطانوی کھلاڑیوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی کوشش پر 'فخر‘ ہونا چاہئے۔

یورو کپ 2020 میں کامیابی کے بعد اٹلی میں مداحوں کا جشن جاری ہے۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں