1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو 2012 کوالیفائنگ مقابلے : رومانیہ کے خلاف فرانس فتحیاب

10 اکتوبر 2010

ہفتے کے روز فرانس اور رومانیہ کے درمیان یورو 2012 کوالیفائنگ مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے جانے والے ایک گروپ میچ میں فرانس نے رومانیہ کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/PaKT
تصویر: picture alliance/dpa

رواں برس اگست میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ ورلڈ کپ میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فرانسیسی ٹیم اس میچ میں ایک منظم ٹیم نظر آئی۔

سینٹ ڈینس کے شٹیڈ ڈی فرانس میں کھیلے گئے اس میچ میں فرانسیسی ٹیم بھرپور فارم میں دکھائی دی۔ فرانس کی ٹیم نےکھیل کے پہلے ہاف میں کئی خوبصورت مووز بنائے تاہم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ کھیل کے دوسرے ہاف کے 68 ویں منٹ میں فرانس کی طرف سے Matthieu Valbuena کے متبادل کے طور پر میدان میں اترنے والے ریمی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ میچ کے 74 ویں منٹ میں سمی ناصری نے فرانس کی طرف سے ایک اور گول کر کے میچ میں فرانس کی گرفت مضبوط بنا کر کامیابی کو یقینی بنا دیا۔ اس سٹیڈیم میں گزشتہ ایک برس میں فرانسیسی ٹیم کی یہ پہلی فتح ہے۔

EM-Qualifikation 2012 08.10.10 Flash-Galerie
تصویر: AP

اس جیت کے ساتھ ہی فرانس کی ٹیم اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے۔ فرانسیسی ٹیم نے اس کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز گروپ ڈی میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں بیلا روس کو شکست سے دوچار کر کے کیا تھا۔ اس گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں البانیہ اور بوسنیا ہزیگووینا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی فرانسیسی ٹیم کے مجموعی پوائنٹس چھ ہو گئے ہیں۔

گروپ ایف کے سلسلے میں تل ابیب میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں کروشیا نے اسرائیل کو دو ایک سے ہرا دیا۔ کروشیا کی جانب سے کھیل کے 36 ویں اور 41 ویں منٹ میں گول کئے گئے۔ اسرائیل کی طرف سے واحد گول اِتے شیخٹر نے کھیل کے اختتام سے نو منٹ قبل کیا۔

اس فتح کے بعد کروشیا سات پوائنٹس کے ساتھ گروپ ایف میں پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے۔ اس گروپ میں شامل جورجیا اور یونان کی ٹیموں کے پانچ پانچ پوائنٹس ہیں جبکہ اسرائیل کے مجموعی پوائنٹس چار ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

.