1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ہیلموٹ کوہل کی حالت بہتر ہے‘

افسر اعوان3 جون 2015

جرمنی کے سابق چانسلر ہیلموٹ کوہل دو آپریشنز کے بعد اب مقابلتاﹰ بہتر حالت میں ہیں۔ یہ بیان ان کے دفتر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Fb3O
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Ebener

یہ وضاحت جرمن اتحاد میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے کوہل کے بارے میں پریشان کن میڈیا رپورٹس کے بعد کی گئی ہے۔

کوہل کے دفتر سے منگل کو رات گئے جاری کردہ بیان کے مطابق مئی کے آغاز میں 85 سالہ سابق چانسلر کے کولہے کا آپریشن کیا گیا تھا اور پھر اس کے بعد ان کا ایک اور آپریشن بھی ہوا، جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال میں نسبتاﹰ زیادہ دنوں تک رہنا پڑا۔ تاہم اس بیان میں دوسرے آپریشن کی نوعیت کا ذکر نہیں کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’’مخصوص حالات میں ڈاکٹر ہیلموٹ کوہل اب بہتر ہیں۔‘‘

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے کوہل کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ سابق جرمن چانسلر کی طبی ’صورتحال کافی نازک ہے‘۔ قبل ازیں انہی ذرائع کے حوالے سے مختلف میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ہیملوٹ کوہل سرجری کے بعد ’انتہائی نگہداشت‘ کے شعبے میں ہیں۔

جرمن جریدے اشپیگل آن لائن اور ’بُنٹے‘ میگزین کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ سابق چانسلر کا ہائیڈل برگ کے یونیورسٹی کلینک میں بڑی آنت کا آپریشن کیا گیا ہے۔ اشپیگل کے مطابق کوہل تین ہفتوں سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ہیں اور ان کی حالت ’نازک‘ ہے۔

ایک اور جرمن اخبار ’بِلڈ‘ نے مئی کے آغاز میں بتایا تھا کہ سابق کنزرویٹو رہنما کا کولہے کی ہڈی کی تبدیلی کا آپریشن کیا گیا تھا۔ اخبار نے کوہل کے حوالے سے لکھا تھا کہ وہ ’جلد سے جلد واپس گھر جانا چاہتے ہیں‘۔

کوہل کو موجود ہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا سیاسی گُرو بھی قرار دیا جاتا ہے
کوہل کو موجود ہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا سیاسی گُرو بھی قرار دیا جاتا ہےتصویر: imago/Kolvenbach

ہیلموٹ کوہل 1982ء سے 1998ء تک جرمنی کے چانسلر رہے ہیں۔ ان کے 16 سالہ دور اقتدار ہی کے دوران 1989ء میں سابق مشرقی جرمن اور مغربی جرمن ریاستوں کا اتحاد ہوا اور اس سے قبل سرد جنگ کے خاتمے پر دیوار برلن گرا دی گئی تھی۔

کوہل کو موجود ہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا سیاسی گُرو بھی قرار دیا جاتا ہے اور انہی نے میرکل کو پہلی بار 1991ء میں اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا۔ تاہم بعد میں میرکل اس وقت ان کے خلاف ہو گئی تھیں جب کوہل کو فنڈز میں گڑ بڑ کے ایک اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا۔ ہیلموٹ کوہل نے 2002ء میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

ہیلموٹ کوہل ایک متحدہ یورپ کے بڑے حامیوں میں سے ایک ہیں۔ یورپی اتحاد میں اہم کردار ادا کرنے والے کوہل اکثر یہ دلیل دیتے رہے ہیں کہ اس براعظم کو آئندہ کسی جنگ سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ یورپ متحد رہے۔