1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیری پوٹر کے ڈینیئل ریڈ کلف برطانیہ کے امیر ترین نوجوان فن کار

29 نومبر 2011

طلمساتی مناظر سے بھرپور ہیری پوٹر فلم سیریز میں ہیری کا کردار نبھانے والے برطانوی اداکار ڈینیئل ریڈ کلف کو برطانیہ کا مالدار ترین نوجوان فنکار قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13Ijl
تصویر: AP

ہیری پوٹر فلم سیریز میں اب تک آٹھ فلمیں بنا کر دنیا بھر میں شائقین کے سامنے پیش کی جاچکی ہیں۔ ان فلموں پر قریب ایک ارب پندرہ کروڑ ڈالر لاگت آئی اور ان فلموں نے دنیا بھر میں قریب آٹھ ارب ڈالر کا کاروبار کیا۔ ڈینیئل ریڈ کلف نے ان فلموں میں مرکزی کردار کی حیثیت سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اتنے بڑے بجٹ کی فلم کے لیے ڈینیئل کو منتخب کرنے کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ مصنفہ جے کے رولنگ ایسے نئے اداکار کو ہیری کے کردار میں دیکھنا چاہتی تھیں، جو آئندہ اسی کردار کے حوالے سے جانا جائے۔

22 سالہ ڈینیئل گزشتہ قریب دس سال سے شوبز کی دنیا سے جُڑے ہوئے ہیں۔ برطانوی جریدے ہیٹ میگزین کی تازہ رپورٹ کے مطابق ڈینیئل ریڈ کلف نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں قریب 80 ملین امریکی ڈالر کمائے ہیں۔ محض رواں سال اس نوجوان کی کمائی کا اندازہ نو ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

Harry Potter Premiere
ڈینیئل اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فلم پریمیئر کے موقع پرتصویر: picture alliance / dpa

ڈینیئل ہیری پوٹر کی آٹھ فلموں کے ساتھ ساتھ تین دیگر فلموں دی ٹیلر آف پناما، ڈسمبر بوائز اور دی ویمن ان بلیک میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ٹیلی وژن اور اسٹیج پر بھی طبع آزمائی کرچکے ہیں۔ اس برطانوی لکھ پتی نوجوان کو فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں ایم ٹی وی اور ڈرامہ لیگ جیسے متعدد چھوٹے بڑے اعزازات بھی مل چکے ہیں۔

دی ہیٹ میگزین کے مطابق مالدار نوجوان برطانوی اداکاروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پائریٹس آف دی کیریبیئن کی کی ایرا نائٹلی ہیں۔ اسی طرح رابرٹ پیٹیسن سن تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے ٹوائی لائٹ نامی فلم میں مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ فلم بھی ہیری پوٹر ہی کی طرح طلسماتی دنیا سے متعلق ہے۔ نائٹلی کی مجموعی کمائی کا اندازہ قریب 48 ملین ڈالر اور پیٹیسن کی کمائی کا اندازہ قریب 39 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں