1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیرا اتنا بڑا جتنا ٹینس بال، ستر ملین ڈالر میں نیلامی متوقع

مقبول ملک4 مئی 2016

گزشتہ ایک صدی سے بھی زائد عرصے کے دوران دریافت کیا گیا دنیا کا سب سے بڑا ہیرا ٹینس بال کے سائز کا ہے، جو جون میں لندن میں نیلام کیا جائے گا۔ یہ ہیرا ستر ملین ڈالر سے زائد کے عوض فروخت ہو گا، جو نیا عالمی ریکارڈ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1IhvG
Lucara Afrika Botsuana größter Diamant
براعظم افریقہ کے جنوب میں بولی جانے والی سوانہ زبان میں اس ہیرے کے نام کا مطلب ہے: ’ہماری روشنی‘تصویر: picture-alliance/dpa/Lucara Diamond Corp / Handout

برطانوی دارالحکومت لندن سے بدھ چار مئی کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق انتہائی بیش قیمت نوادرات کی فروخت کے لیے مشہور Sotheby's نیلام گھر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ماہرین کی رائے میں یہ بہت بڑا ہیرا تین بلین سال پرانا ہے اور پچھلے ایک سو سال سے بھی زائد عرصے کے دوران دنیا میں کہیں بھی اس سے بڑا ہیرا دریافت نہیں ہوا۔

اس ہیرے کو لیسیڈی لا رونا Lesedi la Rona کا نام دیا گیا ہے اور اس کی نیلامی لندن میں 29 جون کو ہو گی۔ یہ ’عظیم الجثہ‘ ہیرا گزشتہ برس نومبر میں افریقی ملک بوٹسوانہ میں ہیروں کی ایک کان سے نکالا گیا تھا۔ یہ کان ہیروں کی کان کنی کرنے والی کینیڈا کی فرم لُوکارا ڈائمنڈ کارپوریشن کی ملکیت ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس ہیرے کا وزن 1109 قیراط ہے اور یہ انسانی تاریخ میں آج تک دریافت کیا جانے والا دوسرا سب سے بڑا خام ہیرا ہے۔ براعظم افریقہ کے جنوب میں بولی جانے والی سوانہ زبان میں اس ہیرے کے نام کا مطلب ہے: ’ہماری روشنی‘۔

اس ہیرے کی نیلامی کے ذمے دار نیلام گھر کے مطابق یہ خام قیمتی پتھر ’غیر معمولی حد تک شفاف‘ ہے اور اس سے دنیا کو انتہائی اعلیٰ معیار کا آج تک کا وہ سب سے بڑا ہیرا مل جائے گا، جسے تراشنے کے بعد پالش کیا گیا ہو۔

Blauer Diamant Cullinan
چند سال قبل جنوبی افریقہ کی ایک کان سے ملنے والا نیلا کَلینن ہیرا، جس کا وزن تیس قیراط تھاتصویر: picture-alliance/dpa

Sotheby's کے جیولری کے شعبے کے سربراہ ڈیوڈ بینَیٹ کے مطابق اس ہیرے کی نیلامی ایک ایسا عمل ہو گا ، جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا، ’’اہم بات یہ بھی ہے کہ اتنا بڑا خام اور اتنا شفاف ہیرا اب تک دنیا میں عوامی سطح پر کہیں نیلام ہوا ہی نہیں۔‘‘

عالمی سطح پر سب سے بڑے ہیرے کی دریافت کا ریکارڈ 1905 میں بنا تھا۔ تب جنوبی افریقہ کی ایک کان سے کَلینن Cullinan نامی ہیرا نکالا گیا تھا، جس کا خام حالت میں وزن 3106 قیراط تھا۔ تب اس ہیرے کو نو بڑے بڑے ٹکڑوں میں کاٹا گیا تھا، جو اس وقت سے برطانوی شاہی خاندان کے جواہرات کا حصہ ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ ’لیسیڈی لا رونا‘ کی 70 ملین ڈالر سے زائد کے عوض نیلامی متوقع ہے اور یہ کسی ایک ہیرے کی زیادہ سے زیادہ قیمت کا گزشتہ ریکارڈ بھی توڑ دے گا۔ اب تک اس قیمت کا ریکارڈ 48.5 ملین ڈالر ہے، جو 2015 میں جنیوا میں 12.03 قیراط کے ہیرے Blue Moon کے لیے ادا کی گئی تھی۔

یہ ’نیلا چاند‘ ہانگ کانگ کے ارب پتی شہری جوزف لاؤ نے تب اپنی سات سالہ بیٹی کو تحفے میں دینے کے لیے خریدا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں