1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہپ ہاپ آرٹسٹ جے زی ارب پتی بن گئے

5 جون 2019

دنیا میں ہپ ہاپ میوزک کے فنکار جے زی ارب پتی بن گئے ہیں۔ ہپ ہاپ میوزک امریکا میں افریقی امریکی اور لاطینی امریکی فنکاروں کے مسلسل کاوشوں کا نتیجہ خیال کیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3JsQB
Jay-Z
تصویر: picture-alliance/Newscom/J. Barrett

عالمی سطح پر ارب پتی اور امراء کے دولت و اثاثوں پر نگاہ رکھنے والے میگزین فوربز نے جے زی آرٹسٹ کو ارب پتی قرار دے دیا ہے۔ وہ پہلے ہپ ہاپ آرٹسٹ ہیں جو ارب پتیوں کی صف میں شامل ہوئے ہیں۔ فوربز کے مطابق جے زی کی دولت کا حجم ایک ارب امریکی ڈالر ہے۔

فوربز میگزین نے جے زی کے ارب پتی بننے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ انہوں نے مسلسل اپنے میوزیکل بینڈ کو تقویت دینے کی کوشش کی ہے اور ان کے میوزیکل گروپ کی کامیابی ہی اُن کے ارب پتی بننے میں اہم رہی ہے۔ فوربز کے مطابق جے زی نے اس دوران پوری توجہ اپنے میوزک گروپ رکھی اور دوسرے کاروبار پر فوکس نہیں کیا لیکن وہ کئی اداروں میں سرمایہ ضرور کر چکے ہیں۔

امریکی شہر نیویارک میں جے زی کی پیدائش چار دسمبر سن 1969 کو ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام شان کارٹر ہے۔ وہ میوزک کا شوق اپنانے سے قبل منشیات کی فروخت میں بھی ملوث رہے ہیں۔ سن 1996 میں ان کا پہلا البم ریلیز ہوا اور اب تک ان کے چودہ البم جاری کیے جا چکے ہیں۔ جے زی کے میوزیکل البمز کو بہت زیادہ عوامی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

BRIT Awards 2019 Jay Z and Beyonce ARCHIVBILD
جے زی اپنی اہلیہ بیونسے کے ہمراہ زیمی ایوارڈز کی تقریب میںتصویر: Getty Images for NARAS/C. Polk

فوربز میگزین کے مطابق جے زی ایک پرتعیش زندگی بسر کرتے ہیں۔ انہوں نے مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ انہیں اس سرمایہ کاری سے بھی مسلسل سرمائے کا حصول ہو رہا ہے۔ جے زی کی مجموعی سرمایہ کاری 220 ملین ڈالر سے زائد ہے۔ صرف اُوبر میں ستر ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ سرمایہ کاری کے علاوہ وہ نیویارک سٹی اور لاس اینجلیز میں انتہائی مہنگے علاقوں میں وسیع جائیدادیں بھی رکھتے ہیں۔

جے زی نے سن 2008 میں مشہور مغنیہ بیونسے سے شادی کی تھی۔ یہ شادی ابھی تک برقرار ہے۔ بیونسے کے اثاثوں کا حجم بھی ساڑھے 300 ملین ڈالر سے زائد ہے اور یہ اثاثے جے زی کے ارب پتی ہونے میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔