1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری میں مہاجرین کے سیلاب کے خلاف فوجی دستوں کی تعیناتی

مقبول ملک26 اگست 2015

یورپی یونین کے رکن ملک ہنگری کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ یورپ میں داخلے کے لیے بہت بڑی تعداد میں ہنگری کا رخ کرنے والے غیر ملکی تارکین کے سیلاب کو روکنے کے لیے ملکی سرحدوں پر فوجی دستے تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GLvS
ہنگری کی پولیس فورس کو ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کی کی وجہ سے غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہےتصویر: C. Segesvari/AFP/Getty Images

بوڈاپسٹ سے بدھ چھبیس اگست کے روز ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بلقان کے خطے، خاص طور پر سربیا سے، جو یورپی یونین کا رکن نہیں ہے، غیر ملکی تارکین وطن کی آمد ایک سیلاب کی صورت اختیار کر چکی ہے اور اس سیلاب کو روکنے کے لیے اب ملکی حکومت نے قومی سرحدوں پر فوجی دستے تعینات کرنے کے علاوہ ہیلی کاپٹر، گھڑسوار پولیس اہلکار اور جاسوس کتے تک استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بوڈاپسٹ میں حکمران جماعت کے ایک رہنما اور قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے نائب سربراہ سیلارد نیمَیتھ نے صحافیوں کو بتایا، ’’حکومت چاہتی ہے کہ سرحدوں کی حفاظت اور غیر ملکی تارکین وطن کی آمد سے متعلقہ معاملات میں ملکی فوج کی تعیناتی کو ممکن بنایا جا سکے۔‘‘

نیمَیتھ کے مطابق اس سلسلے میں ایک پارلیمانی قرارداد پر رائے شماری ملکی قانون ساز ادارے کے آئندہ اجلاس میں ہو گی۔ پارلیمان کا یہ غیر معمولی اجلاس اگلے ہفتے ہو گا۔ اس اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے ساتھ ہنگری کی جنوبی سرحدوں کو زیادہ محفوظ بنانے کا فیصلہ اس لیے کیا جائے گا کہ اس وقت مشرقی یورپ کے اس ملک کی انہی سرحدوں سے بہت بڑی تعداد میں غیر یورپی مہاجرین یورپی یونین میں داخلے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان میں بڑی اکثریت شامی اور عراقی مہاجرین کی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق یورپ کو یورپ کے باہر سے آنے والے تارکین وطن کے جس سیلاب کا سامنا ہے، وہ اب تک دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اس براعظم میں مہاجرین کے شدید ترین بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

Ungarn Flüchtlinge am Grenzzaun zu Serbien
شامی مہاجرین سرحدی حفاظتی باڑ عبور کر کے ہنگری میں داخل یونے کی کوشش کرتے ہوئےتصویر: Reuters/L. Balogh

صرف اس سال کے دوران اب تک ترکی، بلقان کے خطے اور بحیرہ روم کے سمندری راستے سے یونین کے مختلف رکن ملکوں میں پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔ ان ریاستوں میں تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد کا سامنا یونان، اٹلی اور ہنگری جیسے ملکوں کو ہے۔

ہنگری، جو یورپی یونین کا رکن ہونے کے ساتھ ساتھ یونین کے آزاد سرحدی معاہدے شینگن میں بھی شامل ہے، اسی وجہ سے سربیا کے ساتھ اپنی قریب 175 کلومیٹر طویل سرحد پر ایک حفاطتی باڑ بھی تعمیر کر رہا ہے۔ ابھی یہ باڑ مکمل نہیں ہوئی اور ہنگری پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ صرف منگل پچیس جولائی کے دن پولیس نے سربیا سے ہنگری میں داخل ہونے والے ایسے ڈھائی ہزار سے زائد مہاجرین کو حراست میں لے لیا، جو ایک ریکاڑ تعداد ہے۔ ان میں سے زیادہ تعداد شامی، عراقی، افغان اور پاکستانی شہریوں کی تھی۔ یہی نہیں بلکہ آج بدھ کے روز صبح ساڑھے نو بجے تک ہنگری کی پولیس ایسے ہی مزید تیرہ سو سے زائد تارکین وطن کو بھی حراست میں لے چکی تھی، یعنی صرف دو دنوں میں قریب چار ہزار مہاجرین۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید