1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہانگ کانگ: نورمن فوسٹر کا نیا تعمیراتی منصوبہ

رپورٹ: امجد علی، ادارت: شامل شمس4 اگست 2009

ممتاز برطانوی ماہرِ تعمیرات سر نورمن فوسٹر ماہرینِ تعمیرات کے اُس تین رُکنی گروپ کی قیادت کریں گے، جسے ہانگ کانگ کے نئے ثقافتی علاقے کے ڈیزائن کی تیاری کا کام سونپا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/J3Lo
تصویر: AP

ہانگ کانگ کے اِس شاندار کلچرل ڈسٹرکٹ کی تعمیر پر 2,8 ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔ تعمیراتی سرگرمیاں اگلے تین برسوں میں شروع ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اِس تعمیراتی منصوبے کے لئے پانی سے گھرے ہوئے جزیرہ نما علاقے کاؤلُون میں ایک سو ایکڑ کا رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ وَیسٹ کاؤلُون منصوبے میں پرفارمنگ آرٹس کے پندرہ مختلف مراکز کے ساتھ ساتھ ایک عجائب گھر اور ایک نمائش گاہ کی تعمیر بھی شامل ہے۔

Reichstag Kalenderblatt
برلن میں جرمن پارلیمان کی عمارت کا گنبد بھی سر نورمن فوسٹر نے ڈیزائن کیا تھاتصویر: AP

اِس سے پہلے فوسٹر ہانگ کانگ کا نیا ایئرپورٹ بھی ڈیزائن کر چکے ہیں اور وہ وہاں کی 80ء کے عشرے کی اُس مہنگی ترین مینار نما عمارت کےلئے بھی مشہور ہیں، جس کے اندر کئی دفاتر قائم ہیں۔

یکم جون سن 1935ء کو برطانوی شہر مانچسٹر کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہونےوالے نَورمن فَوسٹر نے دُنیا کے ایک مشہور ترین آرکیٹیکٹ یعنی ماہرِ تعمیرات بننے تک ایک بڑا طویل سفر کیا ہے۔جس تعمیراتی نقشے نے اُن کےلئے بین الاقوامی شہرت کے دروازے کھول دئے، وہ تھی، انگلینڈ کے شہرIpswich میں ایک کاروباری ادارے کا ہیڈکوارٹر، جس کی شیشے کے کام والی عمارت اب عشروں بعد بھی پوری دُنیا میں فنِ تعمیر کا ایک شاہکار تصور کی جاتی ہے۔

Lord Norman Foster zu Gaudi Jahr in Spanien
انیس سو نوّے میں ملکہ الزبتھ دوم کی طرف سے اُنہیں سر کے خطاب سے نوازا گیا تھاتصویر: AP

1990ء میں ملکہ الزبتھ دوم کی طرف سے اُنہیں سر کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔ وہ ایک حساس انسان ہیں لیکن کاروبار کی بات آئے تو کوئی رُو رعایت نہیں کرتے۔ اُن کی فوسٹر اینڈ پارٹنرز نامی فرم میں 600 افراد کام کرتے ہیں اور سنگاپور ، برلن اور لندن سمیت دُنیا کے کئی بڑے شہروں میں اِس فرم کے دفاتر ہیں۔

فن تعمیر کا نوبیل انعام مانا جاتا ہے، پرِٹسکر پرائز کو، جو فوسٹر نے 1999ء میں برلن میں وصول کیا تھا۔ لارڈ نورمن فوسٹر، جو 1999ء سے برطانوی دارالامراء کے بھی رکن ہیں، کہتے ہیں کہ وہ باقاعدگی سے برلن آتے رہتے ہیں اور اُنہوں نے گذشتہ چند برسوں کے دوران یہاں بہت زیادہ تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ لیکن دیکھا جائے تو اِن تبدیلیوں میں خود نورمن فوسٹر کا بھی بہت بڑا حصہ ہے۔ برلن میں وفاقی جرمن پارلیمان کا شیشوں سے بنا ہوا گنبد اُنہی کی تخلیق ہے۔

آج کل دُنیا کے تمام بڑے اور اہم شہروں میں لارڈ نورمن فوسٹر کی بنائی ہوئی عمارتیں دیکھنے والوں کی نظروں کا مرکزِ نگاہ بنتی ہیں۔ جہاں جرمنی میں وہ برلن پارلیمان کی عمارت میں نئی تبدیلیوں کے خالق کے طور پر شہرت رکھتے ہیں ، وہاں اسپین میں وہ بارسلونا شہر کے ٹیلی کام ٹاور یا پھر شہر بلباؤ کے ریلوے اسٹیشن کےلئے بھی جانے جاتے ہیں۔ لندن میں اُنہوں نے ایک انشورنس کمپنی کے ہیڈکوارٹر کی جو کئی منزلہ نئی عمارت بنائی ہے، اُسے برطانیہ کے آرکیٹیکچر انعام سے نوازا گیا تھا۔ اُنہوں نے چینی دارالحکومت بیجنگ کے دُنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کا بھی ڈیزائن تیار کیا ہے اور یہ ایئر پورٹ اُنہی کی نگرانی میں تعمیراتی مراحل سے گذرا۔