1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گروپ ٹونٹی کا سربراہ اجلاس اور امریکی صدر اوباما کی لندن آمد

عابد حسین1 اپریل 2009

دو اپریل سے لندن میں شروع ہونے والے، گروپ ٹونٹی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے رکن ملکوں کے سربراہان کی لندن آمد شروع ہو گئی ہے۔ امریکی صدر اوبامابھی اس دورے کے سلسلے میں لندن پہنچ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/HNrp
امریکی صدر باراک اوباما نے برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن سے ملاقات کیتصویر: AP

عالمی مالیاتی بحران کے اقوام کی اقتصادیات پر پھیلے گہرے اور گھمبیر اثرات کو کم کرنے کے لئے بڑی اقتصادیات کے حامل بیس ترقی یافتہ اور اہم ترقی پذیر ملکوں کے سربرہان ایک اہم میٹنگ میں شرکت کی خاطر لندن میں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اُن کی کوشش ہو گی کہ کسی طرح جمود کا شکار ہوتی عالمی اقتصادیات کو متحرک کیا جائے۔

Barack Obama und Timothy Geithner
امریکی صدر اوباما، گروپ ٹوٹنی کے اجلاس میں شرکت کے لئے لندن پہنچ چکے ہیں، تصویر میں وہ اپنے وزیر خزانہ کے ہمراہ ہیں۔تصویر: picture-alliance / dpa

ایسی ہی ایک میٹنگ تقریبا ستر سال قبل کے اقتصادی بحران کو ختم کرنے کے لئے اُنیس سو تینتیس میں لندن ہی منعقد کی گئی تھی۔ تب اس میں چھیاسٹھ ملکوں کے وفود شریک تھے۔ چھ ہفتے میٹنگ جاری رہی اور انجام کار وہ ناکامی سے ہمکنار ہوئی کیونکہ امریکہ اور یورپ کئی ایک نکتوں پر متفق نہیں ہو سکے تھے۔ امید کی جا رہی ہے کہ چھہتر سال بعد ہونے والی یہ میٹنگ مثبت مقام پر اپنے انجام کو پہنچے گی۔ مگر آغاز سے پہلے کچھ اختلافی اشارے سامنے آ چکے ہیں۔

Merkel und Medwedew in St. Petersburg
گروپ ٹونٹی کے رکن ملکوں میں روس اور جرمنی بھی ہیں، جرمن چانسلر میرکل اور روسی صدر میڈویڈیف بھی لندن پہنچ چکے ہیں۔تصویر: AP

گروپ ٹونٹی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے امریکی صدر باراک اوباما ، بحثیت صدر پہلے یورپی دورے پر لندن پہنچ چکے ہیں۔ اُن کی مصروفیات آج صبح سے شروع ہیں جب وہ ناشتے پر برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن سے ملاقات کے لئے گئے۔ بعد میں امریکی صدر کی چینی صدر ہو جِن تاؤ اور روسی صدر دیمتری میدویدیف سے ملاقاتیں شیڈیول ہیں۔ برطانوی کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر ڈیوڈ کیمرون سے بھی اُن کی ملاقات ہے۔ وہ ملکہٴ برطانیہ کو بھی ملنے جائیں گے۔

Argentiniens Präsidentin Cristina Fernández de Kirchner
گروپ ٹونٹی کے رکن ملک ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا کرشنرتصویر: REUTERS

جمعرات کو گروپ ٹونٹی کی سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ، وہ بھارتی وزیر اعظم، جنوبی کوریا کے صدر اور سعودی عرب کے فرماں روا شاہ عبداُللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ گروپ ٹونٹی کے اجلاس میں اوباما، کسادبازاری کی شکار امریکی اقتصادیات کو تحریک دینے کے لئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر کیا کچھ کرنا ضروری ہے وہ شرکاء کے سامنے پیش کریں گے۔

Arabischer Gipfel in Riad Saudi-Arabien König Abdullah
سعودی عرب ھی بھی لندن سمٹ میں شریک ہے، شاہ عبد اللہ اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔تصویر: AP

امریکی صدر جمعہ کو اپنے یورپی دورے کی دوسری منزل سٹراس بورگ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ نیٹو اتحاد کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نیٹو اجلاس میں شرکت کے بعد امریکی صدر اوباما کی اگلا پڑاؤ، چیک جمہوریہ کا دارالحکومت پراگ ہے، جہاں وہ یورپی یونین اور امریکہ کی سمٹ میں شرکت کریں گے۔ اپنے موجودہ دورے کے آخر میں وہ ترکی جائیں گے۔ جہاںمصروفیات میں اہم اُن کا ترک پارلیمنٹ سے خطاب ہے۔ ترکی میں اوباما کا پہلا غیر ملکی دورہ اختتام کو پہنچے گا اور وہ پیر کو اپنے ملک روانہ ہو جائیں گے۔

EU Länder G-20
عالمی نقشے میں، بیس بڑی اقتصادیات کے حامل ملک، نیلے رنگ میں ظاہر ہیں۔تصویر: AP / CC_Marcin n_nc

گروپ ٹونٹی کا اجلاس کے موقع پر لندن میں سکیورٹی انتہاائی الرٹ ہے۔ لندن سمٹ میں شریک لیڈروں کو جمود کی شکار اقتصادیات کو تحریک دینے کے مشکل سوال کا سامنا ہے۔ اس طرح مسلسل شرح تجارت میں کمی سے بھی اقوام کے مالی حجم میں کمی پیدا ہو رہی ہے۔

Staatsbesuch Sarkozy in Brasilien mit Lula da Silva
برازیل اور فرانس بھی لندن سمٹ میں شریک ہیں، تصویر میں فرانسیسی صدر سارکوزی کے ساتھ برازیل کے صدر ( دائیں)تصویر: AP

شاید اِسی تناظر میں ورلڈ بینک کے صدر رابرٹ زوئلک نے پچاس ارب ڈالر کے خصوصی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ یہ زوال پذیر عالمی تجارت کے بہتر سمت دکھانے پر خرچ کئے جائیں گے۔

گروپ ٹونٹی کے اجلاس کے حوالے سے فرانس کی جانب سے خاصا سخت مؤقف سامنے آ یا ہے کہ اگر مالی اداروں کے لئے سخت قانون سازی کی بات کو کوئی حتمی شکل نہ دی گئی تو وہ اجلاس کو چھوڑ سکتا ہے۔ فرانسیسی حکومت کی وزیر خزانہ کے خیال میں صدر نکولا سارکوزی کسی سمجھوتے پر دستخط نہیں کریں گے۔ فرانس کے ساتھ ساتھ جرمنی بھی عالمی سطح پر مالیاتی معاملات کے لئے سخت قوانین کو متعارف کروانے کا ایڈووکیٹ ہے۔

گروپ ٹونٹی سربراہ اجلاس کی مناسبت سے یورپی اور امریکی مالی منڈیوں میں حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ حالانہ پیر کو امریکی سٹاک مارکیٹوں میں مندی چھائی رہی لیکن گزشتہ روز ڈاؤ جونز میں تیزی کا رجحان غالب تھا۔ اس سب کے باوجود عالمی اقتصادیات کے مزید سکڑنے کے اشارے سامنے آنے لگے ہیں جو حکومتوں کے لئے پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔

گروپ ٹونٹی کے اراکین:

امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، کینیڈا، ارجنٹائن، برازیل، آسٹریلیا، انڈیا، میکسیکو، سعودی عرب، جاپان، اٹلی، انڈونیشیا، روس، جنوبی کوریا، چین ، جنوبی افریقہ، ترکی اور یورپی یونین