1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گرمی میں اضافہ بھی خودکشی کے واقعات میں اضافے کی وجہ

24 جولائی 2018

ایک تازہ سائنسی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زمینی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے امریکا اور میکسیکو میں ہزاروں افراد خودکشی پر مائل ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3205w
Hitze Wetter Klima
تصویر: Getty Images/P.Huguen

پیر کے روز شائع ہونے والی ایک مطالعاتی رپورٹ کے مطابق موسمیاتی شدت اور زمینی درجہء حرارت میں اضافے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا، تو سن 2050 تک ہزارہا انسان خودکشی کر لیں گے۔

محققین نے اس سلسلے میں امریکا اور میکسیکو میں درجہ حرارت کے اعداد و شمار اور خودکشیوں کے واقعات کا جائزہ لیا۔ اس رپورٹ کے مطابق سن 60 کی دہائی میں گرمی کی اچانک لہر کی وجہ سے خودکشی کے نتیجے میں ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔

افغان مہاجر کی خودکشی کا ذمہ دار میں نہیں ہوں، زیہوفر

جرمنی، مہاجرین میں خود کشی کی شرح بڑھتی ہوئی

اس رپورٹ کے مصنف اور سٹینفورڈ یونیورسٹی کے ماہر معاشیات مارشل بُرک کے مطابق، ’’زیادہ درجہ حرارت گو کہ خودکشی کے واقعات کا واحد موجب نہیں، مگر مطالعاتی جائزے کے نتائج بتا رہے ہیں کہ گرمی کی شدت کا خودکشی کے خطرات کے ساتھ حیرت انگیز تعلق ضرور ہے۔ اس میں دونوں چیزیں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ایک تو یہ کہ گرمی کی وجہ سے دماغی صحت پر کیا اثرات پڑتے ہیں اور دوسری یہ کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے مزید کس کس طرح کے خدشات ممکن ہیں۔‘‘

اس مطالعاتی رپورٹ کے مطابق اوسط ماہانہ درجہ حرارت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ کے اضافے کی وجہ سے امریکا میں خودکشی کے واقعات کی شرح میں صفر اعشاریہ سات فیصد اضافہ دیکھا گیا، جب کہ میکسیکو میں خودکشی کے واقعات میں اضافے کی یہی یہ شرح دو اعشاریہ ایک فیصد تھی۔

یہ مطالعاتی رپورٹ نیچر کلائمیٹ چینج نامی جریدے میں شائع کی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں گرمی کی لہر کے دوران ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے زبان کے استعمال، ذہنی دباؤ کے زیر اثر لکھے گئے الفاظ اور خودکشی کے واقعات کی شرح کو تفصیل سے دیکھا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سن 2050 تک درجہ حرارت موجودہ رفتار سے بڑھتا رہا، تو صرف امریکا اور میکسیکو میں ہی خودکشی کے 21 ہزار اضافی واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں سن 1999 تا 2016 خودکشی کے واقعات میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے، جب کہ امریکا کے قریب نصف حصے میں یہ اضافہ تیس فیصد سے بھی زیادہ رہا۔ سن 2016ء میں امریکا میں قریب 45 ہزار افراد نے خودکشی کی۔ روئٹرز کے مطابق امریکی میں جن تین وجوہات کی بنا پر ایسی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، ان میں الزائمر اور منشیات کے حد سے زیادہ استعمال کے ساتھ ساتھ خودکشی بھی ایک نمایاں عمل ہے۔

ع ت، م م (روئٹرز)