1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کیرٹ مَوب‘: ماحول دوست نوجوانوں کا نیٹ ورک

10 اگست 2010

carrotmob نامی تحریک کا مقصدعام صارفین کو یہ شعور دلانا ہے کہ وہ متحد ہو کر بڑے بڑے صنعتی اور کاروباری اداروں کومجبور کر سکتے ہیں کہ وہ تحفظ ماحول سے متعلق اہداف کو اپنی بڑی ترجیحات میں شامل کریں۔

https://p.dw.com/p/Ohdc
کیرٹ موب نیٹ ورک بین الاقوامی سطح پر تیزی سے مقبول ہوتا جا رہا ہےتصویر: DW/Jutta Schwengsbier

انگریزی میں mob مشتعل ہجوم کو کہتے ہیں اور carrots گاجروں کو لیکن Carrotmob کہلانے والا ایک ماحولیاتی نیٹ ورک ان دنوں بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ مقبول ہوتا جا رہا ہے۔

اس سماجی نیٹ ورک کا یہ نام اس لئے رکھا گیا ہے کہ اس کے محرک باشعور نوجوان تحفظ ماحول کے حوالے سے غفلت برتنے والے بڑے بڑے صنعتی، پیداواری اور کاروباری اداروں کو شرمندہ کرنا چاہتے تھے۔ مقصد ایسے اداروں کا منہ چڑاتے ہوئے انہیں گاجریں دکھانا تھا۔ ویسے ہی جیسے کسی بندر کو اپنے پیچھے پیچھے آنے پر مجبور کرنے کے لئے اُسے گاجریں دکھائی تو جائیں لیکن کھانے کے لئے نہ دی جائیں۔

Carrot Mob: Eisessen für den Umweltschutz
اس تحریک میں شامل افراد کو ’کیرٹ مَوبرز‘ کہا جاتا ہےتصویر: DW/Jutta Schwengsbier

یہ نیٹ ورک اب تک مختلف ملکوں میں 80 سے زائد کامیاب ایکشن ڈے منا چکا ہے۔ اس تحریک میں شامل افراد کو ’کیرٹ مَوبرز‘ کہا جاتا ہے۔ یہ نیٹ ورک بنیادی طور پر ایک غیر سیاسی نیٹ ورک ہے، جس کی دنیا کے مختلف ملکوں میں سینکڑوں شاخیں قائم ہیں۔

امریکہ میں اس نیٹ ورک نے ہر ریاست میں اپنا ایک سٹیٹ آفس قائم کر رکھا ہے جبکہ جرمنی میں بھی کم ازکم سات شہروں میں اس کے دفاتر قائم ہیں۔ یہ نیٹ ورک اپنے ارکان کو ہزاروں کی تعداد میں ایسی اشیاء خریدنے کے لئے کہتا ہے، جن کی خریداری کسی نہ کسی حوالے سے تحفظ ماحول کی کوششوں میں مددگار ثابت ہو سکے۔

Carrot Mob: Eisessen für den Umweltschutz
ایک خاتون کی مدد کے لئے ’کیرٹ مَوبرز‘ نے ایک ہی دن میں اتنی زیادہ آئس کریم خرید کر کھائی کہ اس خاتون کو 800 یورو کا منافع ہواتصویر: DW

ابھی حال ہی میں جرمن دارالحکومت برلن میں Carrotmob کی طرف سے ایک بڑے ہی منفرد ایکشن پروگرام پر عمل کیا گیا۔ برلن میں آئس کریم کی ایک مشہور اور پرانی دکان کا نام Vanille & Co ہے۔ اس دکان کی مالکہ اپنی شاپ میں کم بجلی استعمال کرنے والے بلب لگانا چاہتی تھیں۔ انہیں ایک نئے ریفریجریٹر کی ضرورت بھی تھی اور وہ چاہتی تھیں کہ اپنی دکان کے لئے بجلی کی فراہمی کا معاہدہ ایک ایسی پاور کمپنی سے کریں، جوماحول دوست ذرائع سے بجلی پیدا کرتی ہو۔

اس خاتون کی مدد کے لئے ’کیرٹ مَوبرز‘ نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایک ہی دن میں اس دکان سے اتنی زیادہ آئس کریم خرید کر کھائی کہ دکان کی مالکہ کو 800 یورو کا منافع ہوا۔

اس رقم سے اس خاتون نے دو تین ایسے بڑے بڑے کام کر لئے، جو وہ کرنا چاہتی تھیں۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے اپنے چھوٹے سے کاروبار کے باوجود ماحول دوست اقدامات میں زیادہ سرمایہ کاری کا تہیہ بھی کر لیا۔ اس خاتون کا یہ فیصلہ ہی ’کیرٹ مَوبرز‘ کے لئے ان کے ایکشن پروگرام کا صلہ تھا۔

یہ نیٹ ورک خود کو بہت متحرک اور فعال صارفین کا ایک ایسا پلیٹ فارم قرار دیتا ہے،جو اشیائے صرف کی بامقصد خریداری یا controlled consumption کو ایک معاشی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ اس نیٹ ورک کی ویب سائٹ کا پتہ ہے: Carrotmob.org

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں