1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کيری ليم کی شہری اسمبلی میں تقریر ہلڑ بازی کی نذر

16 اکتوبر 2019

ہانگ کانگ کی رہنما نے بدھ کو اپنا اہم سالانہ خطاب بذريعہ ويڈيو لنک ديا۔ چند اراکین اسمبلی نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اگر رہنما اپنی پاليسی پارليمان ميں بيان نہيں کر سکتيں، تو وہ قيادت کے ليے نا اہل ہيں۔

https://p.dw.com/p/3RMSp
Carrie Lam Hongkong Proteste im Parlament
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Cheung

ہانگ کانگ کی شہری اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج کے بعد انتظامی رہنما کيری ليم کو اپنی سالانہ تقرير ايک ويڈيو لنک کے ذريعے کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپيش مسائل کا حل تلاش کرنے کے ليے پر عزم ہے۔ قريب چار ماہ سے جاری احتجاجی مظاہروں کے تناظر ميں کيری ليم نے کہا کہ ہانگ کانگ کو سن 1997 ميں برطانيہ سے آزادی کے بعد اپنی تاريخ کے سب سے بڑے چيلنج کا سامنا ہے۔ کيری نے کہا حکومت اس احتجاجی تحريک کے خاتمے کہ ليے کوششيں جاری رکھے ہوئے ہيں تاہم عوام کو بھی اپنے اختلافات دور کرنے چاہييں۔

خصوصی انتظامی حيثيت کے حامل چينی علاقے ہانگ کانگ ميں سراپا احتجاج مظاہرين نے بدھ کی صبح حکومتی چيمبرز کا راستہ بلاک کر ديا، جہاں سے رہنما کيری ليم کو در اصل اپنا خطاب دينا تھا۔ ان کی تقرير سے کچھ ہی دير قبل مشتعل مظاہرين چيمبر ميں داخل ہو گئے اور جمہوريت کے حق ميں نعرے بازی کی۔ معاملات سنبھلنے کے بعد کيری ليم نے اپنی تقرير شروع کرنے کی کوشش کی تاہم پھر سے اپوزیشن کے اراکین کااحتجاج شروع ہونے پر انہوں نے يہ تقرير بذريعہ ويڈيو لنک کرنے کا فيصلہ کيا۔ ہانگ کانگ ميں چند متنازعہ حکومتی اقدامات کے بعد پچھلے چند ماہ سے جمہوريت نواز تحريک جاری ہے، جس ميں وقفے وقفے سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

کيری ليم کی جانب سے تقرير ويڈيو لنک کے ذريعے کيے جانے پر چند قانون ساز کافی نالاں دکھائی ديے اور انہوں نے بعد ازاں فوری طور پر ايک پريس کانفرنس کا اہتمام کيا۔ اس پريس کانفرنس ميں کہا کہ کيری ليم قيادت کے ليے اہل نہيں۔ ايک قانون ساز نے کہا کہ ويڈيو لنک کے ذريعے تقرير يہ ثابت کرتی ہے کہ ليم اپنی پاليسی پارليمان ميں بيان تک نہيں کر سکتيں۔

دوسری جانب کيری ليم نے اپنی تقرير کے بيشتر حصے ميں ہانگ کانگ کے ديرنہ مسئلے ’مکانات کے مہنگے کرائے‘ پر بات کی۔ انہوں نے کم قيمت يا کم کرائے پر مکانات کی فراہمی اور حکومتی اسکيم کے تحت عوام کے ليے اضافی مکانات کا وعدہ کيا۔ کيری ليم نے اپنے سالانہ خطاب ميں غربت کے خاتمے کے ليے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کيا۔

ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں