1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوپن ہیگن کانفرنس، یورپی یونین کی مشترکہ حکمت عملی

3 دسمبر 2009

گذشتہ ماہ کے آخر میں برسلز میں یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت کی جو کانفرنس ہوئی، اُس میں شرکاء کے مابین کوپن ہیگن کانفرنس میں یونین کے ایک مشترکہ موقف کی سبھی تفصیلات پر اتفاق رائے ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/Kpsc
جرمن وزیرماحولیات اپنے سویڈش ہم منصب کے ہمراہتصویر: AP

اس سربراہی اجلاس کے بعد یونین کے موجودہ صدر ملک سویڈن کے وزیر اعظم فریڈرِک رائن فَیلڈ نے اعلان کیا کہ یورپ کی کوپن ہیگن میں مذاکراتی پوزیشن بہت بہتر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ غریب اورترقی پذیر ریاستوں کے لئے تحفظ ماحول کے شعبے میں مالی امداد کے حجم سے متعلق وہ مسئلہ بھی بالآخر طے ہو گیا جو کئی ہفتوں سے متنازعہ بنا ہوا تھا۔ اس بارے میں یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو کہتے ہیں کہ یورپی یونین بیرونی دنیا میں تحفظ ماحول کی کوششوں پر اٹھنے والے مالی اخراجات کے ایک مناسب حصے کی ادائیگی اپنے سر لے لے گی۔

Protest EU Umweltministertreffen in Brüssel
برسلز میں اجلاس کے موقع پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئےتصویر: AP

اسی بارے میں یورپی یونین کی کونسل کے موجودہ سربراہ اور سویڈن کے وزیر اعظم رائن فَیلڈ کہتے ہیں: "ہم ایک اتفاق رائے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ کوپن ہیگن کی عالمی کانفرنس کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے، اور یورپی یونین کی اس عالمی اجتماع میں مذاکراتی پوزیشن بھی بہت بہتر ہو گئی ہے۔ اس پوزیشن سے یورپ ڈنمارک میں ہونے والی مکالمت میں قائدانہ حیثیت سے حصہ بھی لے سکتا ہے، اور دوسروں کی حوصلہ افزائی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

اس اتفاق رائے کے تحت ضرورت مند ملکوں کو ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی عمل میں آئے گی اور انہیں طویل المدتی بنیادوں پر بہتر حکومتی کارکردگی کی ضمانتیں بھی دینا ہوں گی۔ مقصد یہ ہوگا کہ زہریلی کاربن گیسوں کے اخراج کی 1990ء میں ریکارڈ کی گئی شرح کے مقابلے میں، سن 2050ء تک ایسی گیسوں کے فضا میں اخراج میں اسّی سے لے کر پچانوے فیصد تک کمی لائی جائے۔ اس کے علاوہ تحفظ ماحول کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

Yvo de Boer beim EU Umweltministertreffen in Brüssel
برسلز میں یورپی وزیر ماحولیات کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی شعبے کے سربراہ بھی شریک ہوئےتصویر: AP

یورپی یونین کی رائے میں ترقی پذیر ملکوں میں تحفظ ماحول کےشعبے میں اٹھنے والے لازمی اخراجات کی مالیت 2020ء تک سالانہ قریب سو بلین یورو تک پہنچ سکتی ہے۔ ہمارا اندازہ ہے کہ ان مالی وسائل میں سے 2020ء تک بین الاقوامی امداد کی مد میں سالانہ بائیس سے لے کر پچاس بلین یورو تک مہیا کئے جا سکیں گے۔"

عالمی آب و ہوا کے تحفظ اور کوپن ہیگن کانفرنس کی کامیابی کی اشد ضرورت کے بارے میں یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو کہتے ہیں: "ہم ایک بہت نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو یہ سوچتے ہیں کہ کوپن ہیگن کانفرنس ایک ایسا خطرہ ہے، جس کے نتیجے میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ ہماری رائے یہ ہے کہ ہم اس کانفرنس کو واقعی کامیاب بنا سکتے ہیں۔ اس کے لئے یورپی یونین اپنے قائدانہ کردار کے بارے میں بہت سنجیدہ ہے۔"

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : عاطف بلوچ