1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولکتہ جیت کے ساتھ نمبر ون رینکنگ بھی بھارت کے پاس

18 فروری 2010

ناگپور میں شکست کے بعد بھارت نےکولکتہ ٹیسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور57 رنز سے ہرا دیا ہے۔ اس طرح بھارت عالمی کرکٹ کونسل کی درجہ ء بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

https://p.dw.com/p/M4iW
سیریز برابر لیکن نمبر ون ٹیسٹ رینکنگ بھارت کے پاستصویر: AP

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل یہ سیریز ایک ایک کی برابری پر ختم ہوئی۔ بھارتی ٹیم کو کولکتہ میں شاندار جیت دلانے میں آف سپنر ہربھجن سنگھ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ہربھجن نے پہلی اننگز میں تین جبکہ دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی۔

Indien Cricket VVS Laxman
بھارتی بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے کولکتہ ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی 15 ویں سنچری بنائیتصویر: UNI

کولکتہ ٹیسٹ میں بھارت کی طرف سے وریندر سہواگ، سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے سنچریاں بنائیں۔ جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 296 رنز پر آوٴٹ ہوئی جس کے جواب میں بھارت نے چار سنچریوں کی مدد سے 643 رنز کا پہاڑ جیسا سکور کھڑا کیا۔ تمام تر کوششوں کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم میچ بچانے میں کامیاب نہ ہوسکی اور اس طرح نہ صرف یہ سیریز ڈرا ہوئی بلکہ آئی سی سی نمبر ون رینکنگ بھی بھارت کے پاس ہی محفوظ رہی۔

Südafrika Kricket Hashim Amla
جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تین سنچریاں سکور کیںتصویر: AP

ناگپور ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا نے کولکتہ ٹیسٹ میچ کی دونوں ہی اننگز میں سنچریاں سکور کیں۔ آملا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور 490 رنز بنائے اور وہ پوری ٹیسٹ سیریز میں صرف ایک مرتبہ ہی آوٴٹ ہوئے۔ آملا کولکتہ ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی کے علاوہ ’مین آف دی سیریز‘ بھی قرار پائے۔ آملا کو ’مین آف دی میچ‘ کے طور پر ایک لاکھ جبکہ ’مین آف دی سیریز‘ کے طور دو لاکھ پچاس ہزار روپے کی انعامی رقم ملی۔

ہاشم آملا کولکتہ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 123 رنز بناکر آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے لیکن کھیل کے آخری دن کے عین آخری لمحات میں وہ اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ہاشم آملا نے کہا کہ وہ اپنی بیٹنگ فارم سے تو خوش ہیں لیکن انہیں میچ ہارنے کا بے حد افسوس ہے۔

مہمان ٹیم ساوٴتھ افریقہ نے ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان بھارت کو ایک اننگز اور چھ رنز سے عبرتناک شکست دی تھی اور دو ٹیسٹ میچوں پر مبنی اس سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر رکھی تھی۔ سیریز جیتنے کی صورت میں جنوبی افریقہ عالمی کرکٹ کونسل ’آئی سی سی‘ کی درجہء بندی میں پھر سے پہلے نمبر پر آ جاتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں