1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحت

کولمبیا میں سیاحوں کی کشتی ڈوب گئی

عاطف بلوچ ڈی پی اے
26 جون 2017

کولمبیا میں سیاحوں کی ایک کشتی ڈوبنے کی وجہ سے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ اتوار کو جھیل منڈیلن میں پيش آيا۔ ریسکیو اور امدادی آپریشن تمام رات جاری رہا جبکہ پیر کو بھی متاثرہ علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ ہے۔

https://p.dw.com/p/2fMbn
Kolumbien Schiffsunglück
تصویر: Getty Images/AFP/J. Quiroz

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے کولمبیا کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیاحوں میں مقبول جھیل منڈیلین میں پچیس جون بروز اتوار ایک کشتی کی غرقابی کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جب یہ حادثہ رونما ہوا تو اس کشتی میں تقریبا ایک سو پچاس افراد سوار تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق المیراتے نامی یہ بڑی فیری جب اچانک ڈوبنا شروع ہوئی تو امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے تھے۔

اس حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ملکی صدر خوان مانوئل سانتوس نے چھبیس جون بروز پیر صحافیوں کو بتایا کہ کم ازکم نو افراد کی لاشیں مل چکی ہیں جبکہ اکتیس افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ دوسری طرف مارگاریٹا ماریا مونکاڈا کے ہنگامی آفات سے نمٹنے کے شعبے سے وابستہ ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا ہے کہ نو لاشوں کو نکال لیا گیا جبکہ اٹھائیس افراد کی تلاش جاری ہے۔

مارگاریٹا ماریا مونکاڈا کے مقامی حکام نے بتایا ہے کہ چوبیس افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ملکی صدر سانتوس کے بقول حادثے کے بعد فوری طور پر کئی کشتیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں اور امید ہے کہ بہت سے سے لوگوں کو بچا لیا گیا ہو گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس حادثے اور امدادی کاموں کے بارے میں تازہ ترین معلومات بہم فراہم کرتے رہیں گے۔

سرکاری میڈیا نے بھی بتایا ہے کہ اس کشتی کے ڈوبنے کے عمل فوری بعد ہی امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے تھے اور انہوں نے بہت سے لوگوں کو کشتی اور پانی سے نکال لیا تھا۔ اس حادثے میں بچ جانے والے متعدد افراد نے بتایا ہے کہ جیسے ہی کشتی ڈوبنے لگی تو تمام مسافروں نے فوری طور پر ’لائف ویسٹس‘ پہن لی تھیں۔

کولمبیا، سیاحوں کی کشتی ڈوبنے کے مناظر

وکٹوریہ ایگینیا رامیریز کی ریاستی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق المیراتے نامی اس بڑی فیری کو جب یہ حادثہ پیش آیا تو وہ گنجائش کے مطابق ہی بھری ہوئی تھی۔ اس بیان کے مطابق یہ کشتی کسی دوسری کشتی یا کسی چٹان سے نہیں ٹکرائی بلکہ بغیر کسی ظاہری حادثے کے اچانک ڈوبنا شروع ہو گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایسی اطلاعات نہیں ہیں کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشی میں مسافروں کی تعداد گنجائش سے زیادہ تھی۔ ریسکیو اور امدادی آپریشن گزشتہ تمام رات جاری رہا جبکہ آج بھی علاقے میں ہنگامی حالت کی صورتحال ہے۔ حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔