1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولمبیا میں بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی، الزام ملکی فوجیوں پر

6 جولائی 2020

کولمبیا میں کچھ فوجیوں کی طرف سے ایک مقامی لڑکی کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی وجہ سے ملک ایک دھچکے کی کیفیت میں مبتلا ہو گیا ہے۔ تاہم یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/3eqa3
Kolumbien I Bogota I Militär I Proteste
مظاہرے میں شریک قدیم نسلی گروہ ایمبیرا سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکیتصویر: Getty Images/AFP/R. Arboleda

کولمبیا کے مقامی قبائل سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ماضی میں بھی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ لیکن ملکی فوج کے کچھ ممبران کی طرف سے ایک نو عمر لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعے پر ردعمل کافی شدید دیکھا جا رہا ہے۔

مقامی قبیلے ایمبیرا چامی گروپ کے سربراہ جانی اونگاما کیوراگاما نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا، ''اس لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کر کے سکیورٹی فورسز نے نہ صرف ہماری بہن بلکہ دھرتی ماں کی بھی بے حرمتی کی ہے۔‘‘

اونگاما کیوراگاما نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ گفتگو میں کہا، ''میں ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوں۔۔۔ کولمبیا کی حکومت ہمیں انصاف فراہم کرنے کی ضمانت دے اور عہد کیا جائے کہ مستقبل میں مقامی قبائل کے کسی رکن کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھیے: بچوں سے جنسی زیادتیاں، کولمبیا میں سینکڑوں ملزم گرفتار

تئیس جون کو سات فوجیوں نے ملک کے خود مختار علاقے ایمبیرا چامی میں اس نوعمر لڑکی کا ریپ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ملکی سطح پر غم وغصے کی لہر دوڑ گئی، جس کے نتیجے میں ملکی فوج کے کمانڈر جنرل ایدوار ساپاٹیرو دو جولائی کو عوامی سطح پر یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہوئے کہ سن دو ہزار سولہ سے اب تک کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی تشدد کے 118 واقعات زیر تفتیش ہیں۔ یہ واقعات کولمیبا کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی رونما ہوئے ہیں۔

بگوٹا کی ڈل روسریو یونیورسٹی سے وابستہ وکیل اور صنفی بنیادوں پر ہونے والی تشدد کی ماہر ماریہ کامیلہ کے مطابق بچی کو جنسی زیادتی بنانے کا تازہ واقعہ 'ایک واضح مثال ہے کہ کولمبیا کے معاشرے میں بالخصوص مقامی قبائل کی خواتین کو صنفی بنیادوں پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے جرائم ہوتے رہے ہیں۔

مقامی قبائل کا تحفظ صرف کاغذوں تک محدود

اونگاما کیوراگاما کا کہنا ہے کہ ایمبیرا چامی گروپ کے افراد کو گھروں سے نکل کر جنگلوں میں سکونت اختیار کرنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گروپ کو ہراساں کیا جاتا ہے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس گروپ کے بچیوں اور بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہ لوگ بے گھری کا شکار ہو رہے ہیں۔

ماریہ کامیلہ نے کہا، ''کولمبیا میں مقامی قبائل کو آئینی تحفظ دیا گیا ہے لیکن اس تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان قبائل کے حفاظت پر مامور افراد نے ہی ایک اور قبیلے کی ایک اور لڑکی کو ریپ کا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: برازیل میں قدیم مقامی باشندوں کا ’قتل عام‘

کولمبیا کی نیشنل یونیورسٹی سے منسلک قانونی ماہر ڈیانا کوئیگا کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی کا یہ تازہ واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس نہیں ہے۔ مقامی قبیلے کوبیو سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کے بقول ماضی میں بھی اس طرح کے لرزہ خیز واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کوئیگا نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ قبائلی علاقوں میں مسلح تنازعات کے خاتمے کی خاطر فوجی تعینات کیے جانے کے بعد اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ملکی فوجی ہی چودہ برس سے کم عمر کی لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیسوں میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں میں حاملہ ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں اور لڑکیوں کو برازیل میں اسمگل بھی کیا جانا شروع ہوا ہے۔

José Ospina/ ع ب / ع ا