1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کی ویکسین، ادویات کے لیے دس ارب ڈالر جمع ہو گئے

26 مئی 2020

ایک مہلک عالمی وبا بن چکے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین اور ادویات کی تیاری کے لیے شروع کردہ عالمی مہم کے تحت اب تک دس ارب ڈالر جمع ہو گئے ہیں۔ ایک بار بنا لی گئیں تو ایسی ویکسین اور ادویات دنیا بھر کو مہیا کی جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/3cmBI
تصویر: Reuters/A. Gebert

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے منگل چھبیس مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کووِڈ انیس نامی بیماری کی وجہ بننے والے نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کی روک تھام اور اس وائرس کے خلاف ممکنہ ویکسین اور ادویات کی تیاری پر اس وقت دنیا بھر کے بہت سے ممالک میں ماہرین زور شور سے اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Europäisches Parlament Ursula von der Leyen
یورپی کمیشن کی صدر اُرزُولا فان ڈئر لاینتصویر: Getty Images/AP/K. Tribouillard

ایک دن میں آٹھ ارب ڈالر

اس سلسلے میں کورونا وائرس کے خلاف عالمی اتحاد کے طور پر ایک مہم رواں ماہ کی چار تاریخ کو شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے تحت امداد دہندہ ممالک، بین الاقوامی تنظیموں، غیر حکومتی اداروں اور انتہائی امیر شخصیات کی ایک آن لائن ڈونر کانفرنس بھی اسی روز منعقد کی گئی تھی۔ اس کانفرنس میں شرکاء نے، جن میں مختلف ممالک کی حکومتیں اور بہت بااثر نجی شخصیات بھی شامل تھیں، نئے کورونا وائرس کی ویکسین اور اس وائرس کے خلاف ممکنہ ادویات کی تیاری کے لیے 7.4 ارب یورو یا تقریباﹰ آٹھ ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔

امریکا اس عالمی مہم میں شامل نہیں

امریکا نے، جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، اس مہم کی خاموش مخالفت کرتے ہوئے اس میں حصہ نہیں لیا تھا۔ امریکا میں نئے کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 17 لاکھ 63 ہزار انسان بیمار اور 98 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مجموعی طور پر آج 26 مئی کی دوپہر تک اس وبا کے باعث دنیا بھر میں 55 لاکھ نو ہزار انسان بیمار اور تین لاکھ 46 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وبا کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا۔

'شاندار سنگ میل‘

یورپی کمیشن کی جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون صدر اُرزُولا فان ڈئر لاین نے منگل 26 مئی کو اس بارے میں اپنی ایک ٹویٹ میں تصدیق کی کہ ڈونر کانفرنس میں صرف ایک دن میں جمع ہونے والے  7.4 بلین یورو کے بعد اس عالمی مہم میں عطیات کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک اس مقصد کے لیے 9.5 بلین یورو یا 10.4 بلین امریکی ڈالر کے برابر مالی وسائل جمع ہو چکے ہیں۔

یورپی کمیشن کی صدر نے ٹوئٹر پر لکھا، ''یہ ایک شاندار نتیجہ ہے اور ایک اہم سنگ میل، جو عبور کر لیا گیا ہے، گلوبل ریسپانس نامی اس عالمی مہم کے تحت، جس میں یورپی یونین نے قائدانہ کردار ادا کیا۔‘‘

ویکسین تمام ممالک کو مہیا کی جائے گی

کووڈ انیس کے خلاف گوبل ریسپانس نامی اس عالمگیر مہم کے تحت کئی ممالک میں طبی تحقیقی ماہرین باہمی طور پر مربوط کوششیں کرتے ہوئے اس وائرس کے خلاف کوئی نہ کوئی مؤثر ویکسین اور ممکنہ ادویات کی تیاری کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ جب ایسی کوئی ویکسین اور ادویات تیار کر لی گئیں، تو وہ غریب ممالک سمیت دنیا کے تمام ممالک کو مہیا کی جائیں گی۔

م م / ا ا (روئٹرز، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں