1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد دس ملین سے متجاوز

28 جون 2020

عالمی سطح پر کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد دس ملین سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ نصف ملین ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ جب کہ امریکا میں پچیس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/3eRt3
USA Kalifornien Menschen mit Schutzmasken
تصویر: picture-alliance/Zumapress/K. Birmingham
  • امریکا میں 25 لاکھ متاثرین، 5 لاکھ ہلاکتیں

  • برازیل 13 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر

  • بھارت میں 5 لاکھ 28 ہزار کیسز جب کہ پاکستان میں بھی کورونا سے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے متجاوز۔

دوسری لہر زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے

کووڈ انیس کے عالمی کیسوں کی تعداد دس ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ خبر رساں روئٹرز کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران اس عالمی وبا کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد نصف ملین ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس وائرس سے نمٹنے کی خاطر سنجیدگی نہ دکھائی گئی تو اس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمیاں کی جا رہی ہیں۔ اس وائرس کا کا پہلا کیس دس جنوری کو چینی شہر ووہان میں رجسٹر کیا گیا تھا، جس کے بعد سے یہ تمام براعظموں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔

امریکا میں وبا کے پھیلاؤ کے باوجود لاک ڈاؤن میں نرمی

امریکا میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد ڈھائی ملین سے زائد ہو گئی ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ڈیٹا کے مطابق کئی امریکی ریاستوں میں اس عالمی وبا کی شدت میں بدستور ابتری دیکھی جا رہی ہے۔

کیسے اندازہ لگایا جائے کہ وبا پھیلے گی یا کم ہو گی؟

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 43 ہزار سے زائد نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 125،480 ہو چکی ہے۔ اس مخدوش صورتحال میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کی حمایت کر رہے ہیں۔

برازیل میں کورونا وبا کا پھیلاؤ بدستور جاری

برازیل میں مجموعی انفکشنز کی تعداد تیرہ لاکھ ہو چکی ہے جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد ستاون ہزار ہو چکی ہے۔ اسی طرح بھارت میں بھی عالمی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جہاں مصدقہ کیس پانچ لاکھ تیس ہزار کے قریب پہنچ چکے ہیں جبکہ ایک ہزار ایک سو گیارہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پاکستان میں دو لاکھ سے زائد متاثرین

حکومت پاکستان نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس عالمی وبا کی وجہ سے مارے جانے والے افراد کی تعداد چ‍ار ہزار ایک سو اٹھارہ کے قریب ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس دوران مزید 83 پاکستانی شہری کورونا وائرس سے متاثر ہو کر ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق پاکستانی وزیر فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان ہی میں تیار کردہ وینٹیلیٹرز کی پہلی کھیپ اسی ہفتے این ڈی ایم اے کے حوالے کر دی جائے گی۔

جرمنی میں وبا کا خطرہ ٹلا نہیں، میرکل

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے دو سو چھپن نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ یوں یورپ کی سب سے بڑی معیشت میں اس عالمی وبا کے باعث مجموعی کیسوں کی تعداد ایک لاکھ ترانوے ہزار چار سو ننانوے 193,499 ہو گئی ہے۔

رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے اتوار کے دن بتایا کہ اس وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہزار نو سو ستاون ہے۔ ادھر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے خبردار کیا ہے کہ یہ عالمی وبا ابھی تک ختم نہیں ہوئی ہے اور عوام کو لاپرواہی کا مظاہرہ ہر گز نہیں کرنا چاہیے۔ اپنے ہفتہ وار ویڈٰیو پیغام میں چانسلر نے زور دیا کہ جرمنی میں صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن ایسا نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

کشمیری نوجوان نے اسکریپ سے وینٹیلیٹر بنا لیا

جرمن صوبے باویریا میں کورونا ٹیسٹ کرنے کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق ہر شہری، جو کورونا کا ٹیسٹ کرانا چاہتا ہے، اس کو یہ سہولت دستیاب ہونا چاہیے۔

اس جرمن ریاست میں ایسے افراد کو بھی ٹیسٹ کرانے کی سہولت دی جائے گی، جن میں کووڈ انیس کی علامات نہیں ہیں۔ تاہم ایسے افراد کو ترجیح دی جائے گی، جن میں اس وائرس کی علامات پائی جا رہی ہیں۔

ع ب / ش ح (روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے)