1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوئٹہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

13 اپریل 2019

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعہ 12 اپریل کو ہونے والے خودکش بم حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے قبول کر لی ہے۔ اس حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/3GjJg
Pakistan  Quetta Explosion Markt
تصویر: Reuters/N. Ahmed

دہشت گرد تنظیم داعش نے پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ جمعہ 12 اپریل کو ہونے والے اس حملے میں 20 افراد ہلاک جب کہ 50 کے قریب دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے کوئٹہ میں ہزارگنج کے علاقے میں واقع ایک سبزی منڈی میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق داعش کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری ایک بیان میں قبول کی گئی ہے جو آج ہفتہ 13 اپریل کو میڈیا کو بھیجا گیا۔ اس بیان کے ساتھ مبینہ حملہ آور کا نام اور اس کی تصویر بھی بھیجی گئی ہے۔

Irak Islamischer Staat Propagandafoto
داعش کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری ایک بیان میں قبول کی گئی ہے جو آج ہفتہ 13 اپریل کو میڈیا کو بھیجا گیا۔ اس بیان کے ساتھ مبینہ حملہ آور کا نام اور اس کی تصویر بھی بھیجی گئی ہے۔تصویر: picture-alliance/Zuma Press

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے، تاہم اس حملے کا نشانہ بننے والے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد سلامتی کی بہتر صورت حال کے مطالبے کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاجی دھرنا دینے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

کوئٹہ پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کا دارالحکومت ہے۔ اس صوبے کی سرحدیں افغانستان اور ایران کے ساتھ ملتی ہیں۔ اس صوبے میں مذہبی شدت پسندوں کے ساتھ ساتھ علیحدگی پسندوں کی طرف سے بھی اکثر حملوں کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ شیعہ ہزارہ برادری کوئٹہ کے اندر دو مختلف علاقوں میں آباد ہے جس کی سکیورٹی کافی زیادہ ہے مگر اس کے باوجود اس برادری کے ارکان دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔

پاکستان میں فوج کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف ملک کے شمال اور جنوب مغربی حصوں میں بڑی کارروائیوں کے بعد سکیورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ تاہم اب بھی کبھی کبھار دہشت گردی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

ا ب ا / ع ت (ڈی پی اے)