1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کمپیوٹرز اور اسمارٹ فونز کے مسلسل استعمال کے ممکنہ طبی نقصانات

11 دسمبر 2012

بظاہر ایسا ہو سکتا ہے کہ کسی انسان کو کمپیوٹر پر کام کرنا کسی تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے کے مقابلے میں آسان لگے لیکن مسلسل بیٹھنے اور کمپیوٹر مانیٹر کو دیکھتے رہنے سے کمر اور آنکھوں کے لیے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1706e
تصویر: DW/Al-Saidy

ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہونے والے ان ممکنہ طبی مسائل کی وجہ صرف کوئی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر ہی نہیں بنتا بلکہ ایسا لمبے عرصے تک اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور نوٹ بک کمپیوٹر استعمال کرنے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ آج کے دور میں چھوٹے کمپیوٹر آلات بھی وہ سارے کام کر سکتے ہیں جو پہلے صرف کوئی بڑا کمپیوٹر ہی کرتا تھا۔

Symbolbild - Multitasking
مسلسل بیٹھنے اور کمپیوٹر مانیٹر کو دیکھتے رہنے سے کمر اور آنکھوں کے لیے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

یہی وجہ ہے کہ آج اسمارٹ فونز، ٹیبلٹ کمپیوٹرز اور نوٹ بکس کی حیثیت موبائل دفتروں کی سی ہو چکی ہے اور اسی لیے وہ صحت کے ممکنہ مسائل کی وجہ بھی بن چکے ہیں۔

جرمنی میں بزنس اور کمپنی ڈاکٹرز کی ملکی تنظیم کے صدر ڈاکٹر وولفگانگ پانٹر کہتے ہیں کہ بہت سے لوگ جب اپنے اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں، تو وہ لمبے عرصے تک اپنی گردن کو اس طرح جھکائے رکھتے ہیں کہ یوں ان کی گردن کے پٹھے مسلسل دباؤ میں رہتے ہیں۔

ڈاکٹر وولفگانگ پانٹر اس صورتحال کے لیے Text Neck کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔ اس سے مراد یہ ہے کہ اکثر لوگ موبائل فون پر ٹیکسٹ میسج لکھتے ہوئے اپنی گردن کو اس حالت میں اور اتنا جھکا ہوا رکھتے ہیں کہ لمبے عرصے تک کے لیے اس حالت کو صحت مند قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ڈاکٹر پانٹر کے بقول اس وجہ سے گردن اور کمر پر پڑنے والے دباؤ سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ کوئی بھی انسان اسمارٹ فون پر ٹیکسٹ پیغامات پڑھنے کی بجائےاس وقت تک انتظار کرے جب وہ یہی پیغامات مختلف حالات میں پڑھ سکتا ہو۔

Samsung auf Erfolgskurs
آج اسمارٹ فونز، ٹیبلٹ کمپیوٹرز اور نوٹ بکس کی حیثیت موبائل دفتروں کی سی ہو چکی ہےتصویر: REUTERS

Dr Wolfgang Panter کہتے ہیں کہ کمپیوٹر پر زیادہ دیر تک کام کرنے کے سلسلے میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر ہی کم نقصان دہ ذریعہ ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ طبی حوالے سے اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے بجائے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کا استعمال مقابلتاﹰ زیادہ مناسب ہے۔

جرمن بزنس اینڈ کمپنی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق اگر کوئی صارف اس بات پر مجبور ہو کہ وہ اپنا کام صرف اسمارٹ فون پر ہی کر سکتا ہو، تو اسے ایسا کرتے ہوئے اپنی جسمانی حالت بدلتے رہنا چاہیے۔ اس بات کے لیے ان کا مشورہ یہ ہے کہ موبائل فون کو ٹیکسٹ پیغامات کے لیے استعمال کرتے ہوئے جہاں تک ہو سکے، کبھی ہاتھوں میں اونچا پکڑنا چاہیے، کبھی چہرے کے بالکل سامنے اور کبھی اس طرح کہ صارف کی گردن زیادہ سے زیادہ حد تک سیدھی ہو۔

Kind vor dem Rechner
چھوٹے کمپیوٹر آلات بھی وہ سارے کام کر سکتے ہیں جو پہلے صرف کوئی بڑا کمپیوٹر ہی کرتا تھاتصویر: Getty Images

ڈاکٹر وولفگانگ پانٹر کے مطابق ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر استعمال کرنا اس بات کی ضمانت نہیں کہ صارف کو کم طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ کہتے ہیں کہ گردن اور کمر کے درد سے بچنے کے لیے اہم بات یہ ہے کہ یہ جدید آلات ایسے استعمال کیے جائیں کہ ان کہ وجہ سے جسمانی دباؤ کم سے کم ہو۔

جرمن فزیو تھیراپی ایسوسی ایشن کی خاتون سربراہ Ulrike Steinecke کہتی ہیں کہ کوئی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر استعمال کرتے ہوئے اس کی میز پر اونچائی اتنی ہونی چاہیے کہ وہ کہنیوں کی اونچائی کے برابر ہو۔ اس طرح صارف کے ہاتھوں اور کلائی پر زیادہ بوجھ نہیں پڑتا اور وہ کسی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کو زیادہ آرام دہ طریقے سے استعمال کر سکتا ہے۔

جرمنی میں کام کے حالات اور صحت سے متعلق وفاقی انسٹیٹیوٹ کے ماہر ین کا کہنا ہےکہ اگر کام کی کسی جگہ پر کسی کمپیوٹر کو ایک سے زائد لوگ استعمال کرتے ہوں، تو ہونا یہ چاہیے کہ ڈیسک اور کمپیوٹر مانیٹر کی اونچائی کو ہر کوئی اپنے قد اور پوزیشن کے مطابق ایڈجسٹ کر سکتا ہو۔ ان ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا ہر جگہ پر ممکن نہیں ہوتا اور ایسے کمپیوٹرز جو کافی چھوٹے ہوں اور جن پر سبھی کام کیے جا سکتے ہوں، ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے زیادہ لچکدار نہیں ہوتے۔

(ij / mm (dpa