1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم جونگ نام کی پوسٹ مارٹم رپورٹ

عابد حسین
26 فروری 2017

شمالی کوریائی لیڈر کے سوتیلے بھائی کی نعش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ ملائیشیا کے وزیر صحت کے مطابق مقتول کم جونگ نام کی موت مختصر وقت میں واقع ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2YGsx
Kim Jong Nam
کم جونگ نام چین کے ایک ہوائی اڈے پرتصویر: Reuters/Kyodo

شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کے قتل کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم طبی حکام نے کر لیا ہے۔ فرانزک ماہرین کے مطابق نام کی موت زہریلے مادے وی ایکس کے استعمال کی وجہ سے ہونے والے شدید فالج سے ہوئی ہے۔ وی ایکس کیمیکل انسانی بدن پر ہلکا سا لگانے سے بھی موت ہو جاتی ہے کیونکہ اس زہریلے مادے سے انسانی عضلات اور غدود کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

دو روز قبل ملائیشیائی پولیس بتایا تھا کہ کم جونگ نام کو اعصاب معطّل کر دینے والے ایک کیمیکل  وی ایکس سے ہلاک کیا گیا تھا۔ ملائیشیائی پولیس کے سربراہ خالد ابوبکر نے جمعہ چوبیس فروری کو قتل کی ان تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وی ایکس ایک ممنوعہ کیمیکل ہے اور اس کا شمار کیمیائی ہتھیاروں میں بھی کیا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے وی ایکس کو بڑے پیمانے پر تباہی اور انسانی ہلاکتیں کرنے والے کیمیکل ہتھیاروں میں شامل کر رکھا ہے۔

 تیرہ فروری کے روز کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر دو خواتین نے یہ خطرناک زہریلا کیمیکل مادہ کم جونگ نام کے چہرے پر مل دیا تھا۔ ملائیشیا کے وزیر صحت ایس سبرامنیم نے آج اتوار چھبیس فروری کو بتایا کہ نام کے چہرے پر وی ایکس ملنے کے پندرہ سے بیس منٹ میں اُن کی ہلاکت ہوئی تھی۔ وزیر صحت کے مطابق تقریباً دو ہفتے قبل کم جونگ نام کو جس انداز میں ہلاک کیا گیا ہے، وہ اب تقریباً پولیس اور تفتیش کاروں کو معلوم ہو گیا ہے۔

Nordkorea Botschaft in Kuala Lumpur Medien Presse Kim Jong Nam
کوالالم پور میں شمالی کوریائی سفارت خانہتصویر: Reuters/A.Perawongmetha

 اس قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک ویت نامی اور ایک انڈونیشی خاتون کے علاوہ ایک مرد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مشتبہ انڈونیشی خاتون سیتی آسیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اس کو شرارت پر مبنی ایک کھیل سمجھ رہی تھی اور اُسے اس کام کا معاوضہ  چار سو رِنگٹ (تقریباً نوے امریکی ڈالر) کی صورت میں دیا گیا تھا۔

 کوالالمپور کی پولیس شمالی کوریا کے مزید چار باشندوں کو تلاش کرنے کی کوشش میں ہے اور اُن میں سے تین کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کو مطلوب چوتھا شخص شمالی کوریا کے سفارت خانے کا ایک سینیئر اہلکار ہے۔ پولیس نے اس شخص سے تفتیش کی درخواست روانہ کی ہوئی ہے۔

 دوسری جانب کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے جس ٹرمینل پر کم جونگ نام کی ہلاکت ہوئی تھی، اُس کی کلینکل انداز میں صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔