1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر: دو خواتین کے پر اسرار قتل کی عدالتی تحقیقات کا حکم

1 جون 2009

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیان میں دو خواتین کے پراسرار قتل کے واقعے کے خلاف آج وادی کشمیر میں دوسرے روز بھی حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ حکومت نے اِس واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/I1dt
کشمیر وادی کے ضلع شوپیان میں پیر کے روز بھی بھارتی فوج کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئےتصویر: UNI

کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے شورش زدہ ریاست کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں شوپیان کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ آج پیر کو ہزاروں افراد نے شوپیان میں مظاہرے کئے اور بھارتی فوج، بھارتی حکمرانی کے خلاف اور آزادی لکے حق میں نعرے لگائے۔ ریاستی پولیس اور بھارتی فوج کے ساتھ مختلف علاقوں میں جھڑپوں کے دوران درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے نیلوفر اور آسیہ نامی شوپیان کی دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد انہیں قتل کردیا تاہم حکام نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ علٰیحدگی پسند اتحاد کل جماعتی حریت کانفرنس کے سخت گیر دھڑے کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کشمیری عوام سے مزید دو روز تک ہڑتال جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔

حکام نے تمام بیشتر علیحدگی پسند رہنماوٴں کو ان کے گھروں میں ہی نظر بند رکھا ہوا ہے۔