1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ میں پاکستان کی بدترین شکست

طارق سعید، لاہور25 جنوری 2009

سری لنکا نے لاہور میں پاکستان کو 234رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 2-1سے جیت لی۔ یہ پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں بدترین شکست ہے ۔

https://p.dw.com/p/GfVu
مرلی دھرن نے پانچ سو وکٹوں کا سنگ میل عبور کر لیا، اب انہیں وسیم اکرم کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لئے صرف تین وکٹیں درکار ہیںتصویر: AP

ہفتے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں سری لنکا کے309رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹسمین کاغذی شیر ثابت ہوے اور پوری ٹیم صرف22.5اوورز میں75 پر ہی ڈھیرہو گئی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی سسنی خیز اور ڈرامائی رہا ۔20ہزار تماشائیوں کے سامنے پاکستان کے سرکردہ چھ سورما بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ یونس خان چار، کامران اکمل 9اور خرم منظور3رنز بنا سکے۔ سلمان بٹ ،مصباح ا لحق اور شاہد آفریدی نے تو سکورز کو زحمت دینا بھی گوارہ نہیں کی۔کولاسیکرا اور تھوشارا نے میزبان ٹیم کے چھ بیٹسمین22رنز پر آوٹ کر دیے تھے ۔

اس موقع پر عمر گل نے 27اور شعیب ملک نے 19رنز بنا کر پاکستان کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کم سکور 38 کے خطرے سے توبچا لیا مگر شکست یقینی ہو چکی تھی ۔

سری لنکا کے شہرہ آفاق سپنر مرلی دھرن نے آخر میں سہیل خان کو بولڈ کرکے ناصرف اپنی ٹیم کو فتح دلادی بلکہ ون ڈے کرکٹ میں اپنی 500 وکٹیں بھی مکمل کر لیں ۔ مرلی اب وسیم اکرم کے عالمی ریکارڈ سے صرف تین شکار کے فاصلے پر ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے کولاسےکرا اور تھوشارا نے تین تین وکٹیں لیں ۔اس سے قبل ابر آلود موسم میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

محتاط آغاز کے بعد دلشان تلکا رتنے نے ناقابل شکست سےسینچری سکور کرکے اپنی ٹیم کا مجموعہ 5وکٹوں پر 309رنز پر پہنچادیا ۔ دلشان نے دس چوکوں کی مدد سے 137رنز بنائے ۔کمارسنگاکارا نے رن آﺅٹ ہونے سے پہلے 50اور جے سوریا نے 45رنز بنائے جس میں افتخار انجم کے ایک اوور میں24رنز کی پٹائی بھی شامل تھی ۔ پاکستان کی طرف سے عمر گل نے تین وکٹیں لیں۔

یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی 7ویں اور پاکستان کی سب سے بڑی شکست ہے ۔ اس سے پہلے 2002میں نیروبی میں پاکستان کو آسٹریلیا نے 224رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا تھا ۔ دلشان کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ۔

وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے فاتح کپتان مہیلاجے وردنے کو وننگ ٹرافی پیش کی۔سخت سیکورٹی کے عالم میں کھیلی گئی اس کامیاب سیریز کا کراچی میں کھیلا گیا پہلا ون ڈے پاکستان نے 8 وکٹوں سے جبکہ دوسرا سری لنکا نے 129رنز سے جیت لیا تھا ۔ سری لنکن ٹیم اب دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے مارچ کے دوسرے ہفتے دوبارہ پاکستان آئے گی۔