1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

کرکٹ میچ مسلمانوں کی فتح، شیخ رشید کا بیان زیر تنقید

بینش جاوید
26 اکتوبر 2021

پاکستانی وزیر داخلہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف کامیابی کو دنیا بھر میں مسلمانوں کی فتح قرار دیا ہے۔ ناقدین اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان قرار دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/42BJq
تصویر: Francois Nel/Getty Images

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی فتح دراصل دنیا بھر میں مسلمانوں کی کامیابی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کے مسلمان بھی پاکستان کی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پاکستان کے وزیر داخلہ کے اس بیان پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی قانون کی ماہر ریما عمر کا کہنا تھا،''جب ہم بھارت میں عدم برداشت اور تعصب پر فکر مند ہوتے ہیں تو اس وقت ہمیں دیکھنا چاہیے کہ خود پاکستان میں ہمارے وزیر میچ کی کامیابی پر کیسا ردعمل ظاہر کر رہے ہیں۔ کیا اپنی ٹیم کی کامیابی سیاست اور مذہب کے بغیر نہیں منائی جاسکتی؟''

صحافی نور چوہدری کا کہنا تھا،''بھارت کی کرکٹ ٹیم میں بہت شاندار مسلمان کھلاڑی ہیں جنہوں نے بہت محنت سے اپنی ٹیم کے لیے کھیلا ہے۔ شیخ رشید کا بیان ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔''

طالبان کے قبضے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کی اولین پریکٹس

نہ صرف شیخ رشید بلکہ  وفاقی وزیر برائے پلاننگ اسد عمر کی جانب سے بھی ایک ٹویٹ پر کافی تنقید کی گئی۔ اسد عمر کا کہنا تھا،''بابر اعظم ان کو چائے پلانا نہ بھولنا، پہلے ہم ان کو پھینٹی لگاتے ہیں، پھر جب یہ آسمان سے زمین پر آجاتے ہیں تو ہم انہیں چائے پلا کر گھر بھیجتے ہیں۔''

بھارتی صحافی انشل سکسینا کا کہنا تھا،'' بھارت پاکستان سے ورلڈ کپ کے بارہ میچوں میں جیت چکا ہے تو ان بارہ میچوں میں کس کی فتح ہوئی اور کس کی شکست۔''

ایک اور بھارتی صحافی ادیتیہ مینن کا کہنا تھا،'' شیخ رشید، بی جے پی اور وہ سارے انتہائی دائیں بازو کی سوچ رکھنے والے افراد جو بھارتی کھلاڑی شامی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، سب ایک جیسے ہیں۔ بھارتی مسلمانوں کو پاکستان کا حامی ٹھہرانے والے۔''

کسی بھی حکومتی اہلکار کی جانب سے شیخ رشید کے بیان پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔