1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرغیزستان میں صدارتی انتخابات، دھاندلی کا الزام

24 جولائی 2009

کرغیزستان میں اپوزیشن کے اہم صدارتی امیدوار الماس بیک عطمابائیف نے انتخابی عمل میں حکومت کی بے ضابطگیوں کو وجہ بناتے ہوئے جعمرات کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

https://p.dw.com/p/IwLM
تصویر: AP

اپوزیشن رہنما کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج آنے سے قبل وہ اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ بھیشکیک میں حکومت کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔

کرغیزستان میں انتخابی عمل کے دوران اپوزیشن کے اہم صدارتی امیدوار اور سابق وزیر اعظم الماس بیک عطمابائیف نے صدر کرمان بیک باکیعیف پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر ووٹوں میں گھپلا کر رہے ہیں۔ اس الزام کو وجہ بناتے ہوئے نہ صرف عطمابائیف بلکہ ایک اور صدارتی امیدوار جینش بیک نظارہ لئیف نے بھی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ عطمابائیف نے اپنے ہزاروں حامیوں سے حکومت مخالف مظاہرے میں شرکت کی بھی اپیل کی ہے۔ اپوزیشن رہنما نے الیکشن کو غیر قانونی قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اپوزیشن رہنما کا کہنا ہے کہ ان کے پاس انتخابات میں بے ضابطگیوں کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔

کرغیزستان کے انتخابات میں موجودہ صدر کرمان بیک باکیعیف کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے پانچ امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔

Wahlen in Kirgisistan
کرغیزستان کے صدر کرمان بیک باکیعیف ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئےتصویر: AP

انسانی حقوق کے لئے سرگرم کارکن دینارا کرغیزستان کے انتخابات میں حکومتی مداخلت کے حوالے سے کہتی ہیں:"تمام سرکاری وسائل صرف ایک امیدوار کے لئے کام کر رہے ہیں، اگر کوئی اور امیدوار الیکشن کے سلسلے میں کوئی جلسہ کرنے کی کوشش کرتا تو خفیہ ادارے کے اہلکار ووٹروں کو ڈراتے دھمکاتے اور ان کی ویڈیو بنا لیتے۔ ظاہر سی بات ہے، لوگ اپوزیشن کے امیدواروں سے ملنے سے ڈرتے تھے۔ یہ ایک حقیقت ہے۔"

اپوزیشن جماعتین کرمان بیک باکیعیف پر حکومتی اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام بھی لگا رہی ہیں، تاہم ماہرین اندازوں کے مطابق موجودہ صدر کے دوبارہ منتخب ہونے کے واضح امکانات ہیں۔ صدر باکیعیف بد عنوانی اور اپنے رشتہ داروں کو اہم عہدوں پر فائز کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئےکہتے وہ ہیں: "یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ 2005ء تک عہدے خریدے اور بیچے جاتے تھے۔ مگر خدا کا شکر ہے کہ اب ہم اس تاریک دور سے نکل گئے ہیں۔کوئی حکومتی ملازمتوں اور مقامی سرکاری اداروں میں تقرری کے لئے پیسوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔ تاہم صحت اور تعلیم کے علاوہ عدلیہ اور سائنس کے شعبوں میں اب بھی بدعنوانی موجود ہے۔ ہمیں اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔"

بھیشکیک سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے اپوزیشن کی ایک ریلی کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائر اور لاٹھی چارج کیا۔

الیکشن کے دوران امن برقرار رکھنے کے لئے ملک میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور پانچ ہزارخصوصی سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ بشکیک میں 2005ء کے پرتششدد مظاہروں کے نتیجے میں پچھلی حکومت کا تختہ الٹا گیا تھا۔ یہ مسلمان ریاست افغانستان میں امریکہ کے ایما پر جاری آپریشین میں اہم اتحادی ملک ہونے کی وجہ سے اہمیت کی حامل ہے۔


رپورٹ: میرا جمال

ادارت: کشور مصطفیٰ