1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاہن کے مقدمے میں فرانسیسی عوام کی دلچسپی بہت زیادہ

7 جون 2011

آئی ایم ایف کے سابق سربراہ کاہن کو جب گزشتہ روز عدالت میں لایا گیا تو وہاں فرانسیسی ذرائع ابلاغ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فرانسیسی عوام کی اس عدالتی کارروائی میں دلچسپی بہت زیادہ ہے۔

https://p.dw.com/p/11W1U
گزشتہ روز اسٹراؤس کاہن کی اہلیہ بھی عدالت میں موجود تھیںتصویر: dapd

جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کے جرم میں کاہن کی گرفتاری کے بعد سے اب تک فرانسیسی عوام کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے IMF کے سابق سربراہ اور فرانسیسی سیاستدان ڈومینیک اسٹراؤس کاہن کی گرفتاری کو تین ہفتے گزر چکے ہیں۔ اس کے باوجود بھی فرانس میں یہ ایک بہت ہی اہم موضوع ہے۔ اس دوران فرانسیسی عوام کی اس واقعے کے بارے میں رائے تبدیل ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ابتدا میں ان کا خیال تھا کہ یہ اسٹراؤس کاہن کے خلاف ایک سازش ہے۔ تاہم فرانس میں رائے عامہ پر تحقیق کرنے والے ایک ادارے ’سی ایس اے‘ کے ’ Jerome Marie‘ کہتے ہیں کہ اس دوران کاہن کی ساکھ بہت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔’’کاہن سے ہمدردی رکھنے والوں میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔ اب زیادہ تر لوگ انہیں قصور وار سمجھتے ہیں۔ گزشتہ دنوں کے دوران کاہن کی نجی زندگی کے اتنے پہلوسامنے آئے ہیں کہ جو لوگ انہیں بے قصور سمجھتے تھے، وہ بھی اب ان کے رویے سے بہت ہی مایوس ہوئے ہیں‘‘۔

Dominique Strauss-Kahn Medien in New York
عدالتی کارروائی کے دوران ذرائع ابلاغ کی ایک بڑی تعداد مین ہیٹن کی عدالت کے باہر موجود تھیتصویر: picture alliance/landov

اس سے قبل بھی فرانسیسی سیاستدانوں کے اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ تاہم ڈومینیک اسٹراؤس کاہن کے معاملے کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ کیونکہ عالمی مالیاتی ادارے کے سابق سربراہ فرانس کے اگلے صدرکے طور پر بھی دیکھے جا رہے تھے۔ تاہم اسٹراؤس کاہن پر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کے الزام نے سیاست میں اخلاقی اقدار کے بارے میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اسی طرح فرانس میں مشہور شخصیات کی جانب سے جنسی زیادتی کے چند اور واقعات بھی منظر عام پر آئے ہیں۔ فرانسیسی وزیر مملکت Georges Tron کو اپنی دو سابقہ ماتحتوں کے ساتھ زیادتی کرنےکے الزام میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑ گیا۔ ادیب اور ماہر سیاسیات مشائیل ڈارمون کے بقول کاہن کے واقعے نے فرانس کے سیاسی حلقوں کوسوچنے پر مبجور کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین نے اپنی خاموشی توڑی ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف احتجاج ہوا ہے۔ انسان محسوس کرتا ہے کہ کیسے اسٹراؤس کاہن کے واقعے پر مختلف طرح کا ردعمل سیاسی ثقافت اور روایات کو بتدریج تبدیل کر رہا ہے۔

Dominique Strauss-Kahn Gericht IWF 19.05.
گزشتہ دنوں کے دوران کاہن کی ساکھ بہت بری طرح متاثر ہوئی ہےتصویر: AP

سوشلسٹ رہنما ڈومینیک اسٹراؤس کاہن کا واقعہ ابھی تک فرانس کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے کوئی بڑی سیاسی ہلچل مچانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہےکہ فرانسیسی سربراہ مملکت نکولا سارکوزی کی عوام میں مقبولیت بہت کم ہے۔ لیکن اس کے باوجود فرانس میں 2012 ء کے صدارتی انتخابات میں جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کا یہ واقعہ کسی نہ کسی طرح سے اثر انداز ضرور ہوگا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں