1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کام کے لیے پولینڈ سے میکسیکو، وہاں جسمانی اعضاء نکال لیے گئے

25 فروری 2021

اسی مہینے روزگار کے لیے یورپی ملک پولینڈ سے میکسیکو جانے والے مردوں کے متعدد جسمانی اعضاء نکال لیے گئے۔ ان میں سے ایک شہری کا وہاں انتقال ہو گیا، دوسرا ہسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں ہے جبکہ تیسرا واپس وطن لوٹ چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/3pvUt
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Gambarini

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے جمعرات پچیس فروری کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ان جرائم کی اطلاع آج پولستانی نیوز ویب سائٹ 'اونیٹ‘ نے دی اور ملکی وزارت خارجہ نے بھی اس وجہ سے ایک شہری کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

دہلی میں گردے فروخت کرنے والا گروہ بے نقاب

'اونیٹ‘ نے لکھا ہے کہ یہ نوجوان پولستانی مرد رواں ماہ کے پہلے نصف حصے میں روزگار کے لیے میکسیکو گئے تھے اور ان کی عمریں بیس اور بائیس سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

Onet.pl کے مطابق میکسیکو میں ان پولش باشندوں کے جسمانی اعضاء نکال لیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کی وہیں پر موت واقع ہو گئی جبکہ دوسرا ایک ہسپتال میں کوما میں ہے۔

وارسا میں ملکی وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ ان نوجوان شہریوں میں سے ایک کا انتقال ہو چکا ہے اور دوسرا ہسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔

حکام نے اس سارے معاملے کی مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر یہ بھی کہا کہ ان دونوں نوجوانوں کے ساتھ میکسیکو جانے والا انہی کا ہم عمر ایک تیسرا نوجوان اب واپس پولینڈ پہنچ چکا ہے۔

انسانوں کی تجارت: نتیجہ اکثر جنسی غلامی، متاثرین میں خواتین زیادہ

میکسیکو میں چھان بین جاری

اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد میکسیکو میں ریاستی دفتر استغاثہ کی طرف سے تفتیش جاری ہے۔ نیوز ویب سائٹ 'اونیٹ‘ کے مطابق پولینڈ کے جس نوجوان شہری کا میکسیکو میں انتقال ہو گیا، اس کے اہل خانہ کو اس کی موت کی اطلاع گزشتہ ہفتے ملی تھی۔

اعضاء کی تجارت کے موضوع پر اجلاس، پہلی بار چین بھی شریک

اہم بات یہ بھی ہے کہ 'اونیٹ‘ نے نام بتائے بغیر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ انتقال کر جانے والے نوجوان کے جسم سے ایک گردے کے علاوہ چند دیگر اعضاء بھی نکالے جا چکے تھے۔

انسانی اعضاء کا غیر قانونی کاروبار

میکسیکو براعظم شمالی امریکا کا ایک ایسا ملک ہے، جہاں جان لیوا جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اس ملک کی آبادی 126 ملین کے قریب ہے اور وہاں روزانہ تقریباﹰ 100 افراد قتل کر دیے جاتے ہیں۔

بھارت: انسانی اعضاء کا غیر قانونی کاروبار، متعدد ڈاکٹر گرفتار

اس ملک میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور حالیہ برسوں میں یہ جرائم پیشہ گروہ منشیات کے اپنے روایتی غیر قانونی کاروبار کے ساتھ ساتھ پیوند کاری کے لیے استعمال ہونے والے انسانی جسمانی اعضاء کا غیر قانونی کاروبار بھی شروع کر چکے ہیں، جو بہت پھیل چکا ہے۔

م م / ع ح (ڈی پی اے، اونیٹ)