1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی فیکٹری میں دھماکا، ساٹھ سے زائد افراد ہلاک

عابد حسین2 اگست 2014

چین کے شہر کُنشان کے صنعتی زون میں واقع کاروں کے پرزے بنانے والی ایک بڑی فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم 65 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Cnn9
تصویر: STR/AFP/Getty Images

ہفتے کی صبح مشرقی چین میں واقع کاروں کے پرزے تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ اِس دھماکے اور پھر بعد میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 65 بتائی گئی ہے۔ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں کئی افراد شدید جُھلس گئے ہیں۔ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق چین کے سرکاری میڈیا نے کردی ہے۔ جس وقت دھماکا ہوا اُس وقت فیکٹری کے اندر 200 کے قریب ملازمین کام کر رہے تھے۔ ایسی بھی اطلاع ہے کہ کُنشان کی شہری انتظامیہ کی ہدایت پر مقامی پولیس نے فیکٹری کے دو اہل کاروں کو تفتیشی عمل اور پُوچھ گچھ کے لیے پابند کر دیا ہے۔

چین کے سرکاری ٹیلی وژن نے فیکٹری کے اندر نصب کلوز سرکٹ ٹیلی وژن (CCTV) کی فوٹیج بھی دکھائی ہے۔ اس میں فیکٹری کے اندر سے اٹھتا ہوا گہرا سیاہ دُھواں واضح طور پر دکھائی دے رہا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق فیکٹری میں لگی آگ پو قابُو پانے کے لیے کئی فائر یونٹس مصروف رہے۔ زخمیوں کو فیکٹری کے اندر سے بڑے بڑے ٹرکوں پر لاد کر باہر نکالا گیا۔ تقریباً تمام زخمی گہرے دھوئیں اور راکھ سے اٹے ہوئے تھے۔ اِسی طرح بچ جانے والے مزدورں کے کپڑے بھی آگ سے جل ضرور گئے لیکن وہ جُھلسنے سے محفوظ رہے۔

Explosion in Fabrik in Jiangsu China
مقامی حکام کے مطابق کم از کم 120 زخمیوں کوہسپتالوں تک پہنچایا گیا ہےتصویر: Reuters

مقامی حکام کے مطابق کم از کم 120 زخمیوں کوہسپتالوں تک پہنچایا گیا ہے۔ یہ ہسپتال کُنشان اور قریبی شہر سُژُو میں واقع ہیں۔ حکام کے مطابق چالیس افراد کی فیکٹری میں دھماکے اور آتش زدگی کے دوران موت واقع ہو گئی تھی جب کہ بقیہ نے شدید زخمی حالت میں ہسپتالوں میں دم توڑا۔ چینی نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق شنگھائی شہر سے آگ سے جُھلس جانے والے کے ماہر معالجین کو بھی کُنشان روانہ کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد ملازمین کے خاندانوں کے افراد بھی کارخانے کے باہر جمع ہو گئے تھے۔

مشرقی چینی صوبے جیانگ سُو کے کُنشان شہر کے انڈسٹریل زون میں قائم ژون گرونگ میٹل پروڈکٹس کمپنی کسی تائیوانی سوداگر کی ہے۔ یہ کمپنی سن 1998 میں قائم کی گئی تھی۔ کمپنی بنیادی طور پر موٹر گاڑیوں کے وہیل کے لیے ایلومینیم کے اندرونی ہب تیار کرتی ہے۔ وہیل میں استعمال ہونے والے یہ اجزاء امریکی کار ساز ادارے جنرل موٹرز کے علاوہ دوسری کمپنیوں کو سپلائی کیے جاتے ہیں۔ جنرل موٹرز نے اِس کی تصدیق کی ہے کہ ژون گرونگ کمپنی اُس کے لیے فاضل پرزے تیار کرتی ہے۔