1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی شہر مکاؤ میں ایفا ایوارڈز

15 جون 2009

چینی شہر مکاؤ میں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں مغلیہ دور پر بنائی گئی فلم ’’جودھا اکبر‘‘ نے بہترین فلم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/IAKl
ایفا ایوارڈ مں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ پریانکا چوپڑہ کو فلم فیشن میں کردار نگاری پر دیا گیا۔رتصویر: AP

انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز کو بھارت کا آسکر ایوارڈ بھی کہا جاتا ہے۔ اس بار ان ایوارڈز میں فلم جودھا اکبر چھائی رہی۔ اسی فلم میں اپنی اداکاری کا جادو جگانے والے ہریتک روشن بہترین اداکار قرار پائے۔ ایفا میں پریانکا چوپڑا بہترین اداکاراہ رہیں۔ ابھیشک بچن کو بہترین مزاحیہ اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
فلم جودھا اکبر کے ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر بہترین ڈائریکٹر قرار پائے۔ رواں سال برطانوی فلم سلم ڈاگ میلینئر کی موسیقی پر آسکر ایوارڈ جیتنے والے اے آر رحمان کو بہترین موسیقار قرار دیا گیا۔

فلم جودھا اکبر میں سولہویں صدی کے مسلمان بادشاہ اکبر اعظم کو موضوع بنایا گیا ہے۔ فلم کی کہانی اکبر کی ایک ہندو لڑکی سے شادی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر نے ایوارڈ لینے کے بعد کہا کہ اس فلم کی کہانی بھارت کے معاشرے کی کہانی ہے، جسے مذہبی رواداری اور برداشت کی سخت ضرورت ہے۔

’’جی، ہندو مسلم اتحاد کی ضرورت ہے۔ ہمیں اکیسویں صدی میں ایک پھلتا پھولتا سیکیولر بھارت دیکھنا ہے۔‘‘

اس موقع پر معروف فلم اداکار ابھیشک بچن کا کہنا تھا:’’چین، بھارتی فلموں کے لئے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ ہم چینی فلمیں شوق سے دیکھتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ بھی ہماری فلمیں شوق سے دیکھیں گے۔‘‘

اس موقع پر بالی ووڈ کے تقریباً تمام ہی ستارے موجود تھے مگر بھارتی فلمی صنعت میں پچھلی کئی دہائیوں سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے بگ بی امیتابھ بچن کو اس تقریب میں خاص اہمیت حاصل رہی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد تھی جو ان کو دیکھنے اور ان سے آٹو گراف لینے کے لئے دوڑی پھر رہی تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہر نذیر گیلانی