1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی انقلاب کی ساٹھ سالہ تقریبات، جمہوریت پسندوں کی نظربندی

14 ستمبر 2009

بیجنگ انتظامیہ نے چین میں انقلاب کی ساٹھ سالہ تقریبات سے پہلےکسی بھی طرح کے ’’ناخوشگوار واقعے‘‘ کے رونما ہونے کے خدشے کے تحت ملک میں انسانی حقوق کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد کو گھروں پرنظر بند کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JeSn
تصویر: AP

چین میں انسانی حقوق کے ایک نامور کارکن کی ژیانگ نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ چینی پولیس نے انہیں جمعے کی رات سے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے۔ ژیانگ کے مطابق سیکیورٹی حکام کے نزدیک وہ اِن دنوں چین میں انسانی حقوق کی جدوجہد میں کافی سرگرم رہے ہیں اس لئے انہیں نظر بند کیا جارہا ہے۔چینی حکام کی جانب سے چین کے جمہوریت پسند شہریوں کی نظربندی کا یہ سلسلہ گزشتہ ہفتے سے جاری ہے۔

China Volkskongress 2006
بیجنگ سمیت چین کے تمام بڑے شہروں میں نیم فوجی دستے تعیناتتصویر: AP

کی ژیانگ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے جمعے کے دن بیجنگ میں اُن کے گھر پر اُس وقت دھاوا بولا جب وہ گھر سے باہر تھے۔ کی ژنگ نے ڈی پی اے کو بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ کارروائی چینی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر انسانی حقوق کے کارکنان کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لئے کی ہے۔

چین میں انقلاب کی ساٹھ سالہ تقریبات پہلی اکتوبر کو شروع ہونگی، جس کے باعث چینی حکام نے ملک کے بڑے شہروں میں واقع انٹرنیٹ کیفیز پر بھی نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ایک امریکی ریڈیو چینل کی ایک رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے انٹرنیٹ کیفیز کے مالکان پر نئی پابندیاں اس لئے عائد کی ہیں کہ کمیونسٹ ملک سے معلومات اور خبروں کی ترسیل بیرونی ممالک تک ممکن نہ ہوسکے۔

ایک سابق چینی صحافی ہی کنگ لیان کے مطابق بیجنگ انتظامیہ ملک سے ہر طرح کی اپوزیشن کا خاتمہ چاہتی ہے، تاکہ ملک کے ہر گلی اور کوچے میں کوئی بھی شہری چینی کمیونسٹ پارٹی کے خلاف کوئی بھی بات نہ کرسکے۔ اُن کے مطابق اس طرح کے اقدامات سے چین کے جمہوریت پسند کارکنان کا مورال مزید بلند ہوگا۔

ہانگ کانگ میں واقع چائنا ہیومن رائٹس ڈفینڈرز نامی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق چینی حکام نے انسانی حقوق کے کارکنان کی گرفتاریوں اور نظربندیوں کا یہ سلسلہ ماضی میں مختلف مواقع پر ہوئے ناخوشگوار تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ CHRD کے مطابق اسی سال جون میں تیاننمین اسکوائر کی سالگرہ ہو یا گزشتہ سال کے بیجنگ اولمپکس، چینی حکام کو انسانی حقوق کے کارکنان کی طرف سے زبردست مزاحمت اور تنقید کا سامنا رہا ہے۔

چینی حکومت نے انقلاب کی ساٹھ سالہ تقریبات کے موقع پر گزشتہ سال کے بیجنگ اولمپکس کے لئے بنایا گیا کارگر سیکیورٹی پلان دوبارہ آزمانے کا ارادہ ظاہرکیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہزاروں کی تعداد میں سیکیورٹی گارڈز، پولیس اور نیم فوجی دستے سڑکوں پرگشت کریں گے، تاکہ انسانی حقوق کے کارکنان کو کسی بھی قسم کا مظاہرہ یا سرگرمی سے روکا جاسکے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: عابد حُسین قریشی