1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ

16 دسمبر 2009

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ملک پولینڈ نے بدھ کے روز چین کے ساتھ ایک فوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے وزرائے دفاع نے معاہدے کے بعد ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔

https://p.dw.com/p/L3vh
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کا امتیازی نشانتصویر: AP

پولینڈ کے وزیر دفاع بوگڈان کلِش نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب لیانگ گوآنگ لی سے ملاقات کی۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک ماحولیات کے علاوہ فوجیوں کی تربیت، طبی خدمات اور تحقیق کے شعبے میں تعاون میں اضافہ کریں گے۔ دونوں وزراء کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کی رو سےاب چین اور پولینڈ کے فوجی کمانڈرز کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور وہ ہر دو ملکوں میں ہونے والی جنگی مشقوں کے مشاہدہ بھی کر سکیں گے۔

دونوں ممالک کی فوج امن اور امدادی سرگرمیوں کے شعبوں میں بھی ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کرے گی۔ تاہم اس معاہدے میں واضح طور پر ہتھیاروں کی تجارت کو شامل نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پولینڈ کو 2004 ء میں یورپی یونین میں شامل کیا گیا تھا۔ 1989ء تک سابقہ سوویت بلاک میں رہنے والا ملک پولینڈ دس برس قبل نیٹو میں شامل ہوا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی