1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کا فائنل، رونالڈو اور صلاح آمنے سامنے

26 مئی 2018

یورپی چیمپئن شپ کا فائنل میچ ہفتے کی رات رئیل میڈرڈ اور لیور پول کے مابین یوکرائنی دارالحکومت کییف میں کھیلا جا رہا ہے۔ ہسپانوی کلب میڈرڈ کی کوشش ہو گی کہ وہ مسلسل تیسری مرتبہ اس ٹائٹل کو اپنے نام کر لے۔

https://p.dw.com/p/2yMWm
Kombo Christiano Ronaldo und Mohamed Salah

امسالہ چیمپئنز لیگ کا فائنل چھبیس مئی بروز ہفتہ یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجکر پینتالیس منٹ پر شروع  ہو گا۔ اگر مقررہ نوّے منٹ کے دوران یہ میچ برابر رہا تو تیس منٹ کا اضافی کھیل کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہ نکلا تو یہ میچ ہفتے سے اتوار میں داخل ہو جائے گا۔ چینمپئز لیگ کے گزشتہ چھ فائنل مقابلوں میں سے تین کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا تھا اور یوں ان تینوں میچوں کا کھیل مجموعی طور پر دو دنوں تک پھیل گیا تھا۔

میں کہیں نہیں جا رہا، محمد صلاح

چیمپئنز لیگ کے فائنل میں میڈرڈ کو کڑا وقت دیں گے، کلاپ

یورپی چیمپئن شپ مقابلوں کا آغاز 1955/56 میں ہوا تھا اور اب تک سترہ مرتبہ یہ ٹائٹل  لیور پول اور رئیل میڈرڈ کی ٹیموں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ ان میں سے بارہ ٹائٹل میڈرڈ نے اپنے نام کیے ہیں جبکہ پانچ مرتبہ لیور پول فاتح قرار پایا ہے۔

انگلش کلب لیور پول نے آخری مرتبہ یہ اعزاز سن دو ہزار پانچ میں حاصل کیا تھا۔ اگر لیور پول کا کلب اس مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا تو اس کے مجموعی ٹائٹلز کی تعداد چھ ہو جائے گی اور یوں یہ کلب چیمپئنز لیگ کے زیادہ سے زیادہ فائنل جیتنے والی کلبوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ جائے گا۔

دوسرے نمبر پر انٹر میلان ہے، جس نے مجموعی طور پر سات مرتبہ یورپی چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر رکھا ہے۔ جرمن کلب بائرن میونخ اور ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا پانچ پانچ مرتبہ چیمپئنز لیگ کا کپ اٹھا چکے ہیں۔

دوسری طرف دو مرتبہ کا دفاعی چیمپئن رئیل میڈرڈ ہیٹ ٹرک کی تلاش میں ہے۔ اس مرتبہ فیورٹ قرار دی جانے والی میڈرڈ کی ٹیم مجموعی طور پر بارہ مرتبہ اس یورپی کپ کی فاتح ٹیم ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔

گزشتہ چار برسوں کے دوران میڈرڈ تین مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکا ہے۔ قبل ازیں صرف دو ٹیمیں ہی مسلسل تین مرتبہ چیمپئنز لیگ کا فائنل جیتنے میں کامیاب ہو سکیں ہیں، جن میں ولندیزی کلب Ajax نے 73 ۔1971  اور جرمن کلب بائرن میونخ نے  76- 1974 کے دوران ہیٹ ٹرکس کی تھیں۔

چیمپئنز لیگ کا فائنل پہلی مرتبہ یوکرائن میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں میڈرڈ اور لیور پول کے مداحوں نے میلہ لگا رکھا ہے۔

ناقدین کے مطابق اس فائنل میچ میں ہسپانوی کلب کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا مقابلہ انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم لیور پول کے اسٹرائیکر محمد صلاح سے ہو گا۔ صلاح کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے کھیل میں بہتری پیدا کی ہے اور ان کا موازنہ میسی اور رونالڈو سے کیا جانے لگا ہے۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے