1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیف سلیکٹر محسن خان کے سامنے چیلنج

8 مارچ 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر محسن خان کے سامنے سب سے پہلا اور مشکل چیلنج ویسٹ انڈیز میں اپریل کے اواخر میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لئے پندرہ رکنی سکواڈ کا انتخاب ہے۔

https://p.dw.com/p/MNPD
چیف سلیکٹر محسن خانتصویر: AP

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے تک متوقع ہے۔

Waqar Younis Pakistan Trainer
پاکستان ٹیم کے نئے کوچ وقار یونستصویر: AP

آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز، پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ میں کچھ اہم تبدیلیاں کی گئیں۔ ان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان وقار یونس کی بحیثیت کوچ تقرری اور محسن خان کا چیف سلیکٹر بننا شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپیئن پاکستانی کرکٹ ٹیم کیریبین میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ شاید اسی وجہ سے محسن خان کے لئے پندرہ رکنی سکواڈ تشکیل دینے کا کام اتنا آسان نہیں ہوگا۔

Abdul Razzaq
ورلڈ کلاس آل راوٴنڈر عبدالرزاقتصویر: AP

تیس رکنی عبوری سکواڈ میں پندرہ کھلاڑیوں کو ڈراپ کر کے حتمی سکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ حتمی دستے میں بوم بوم آفریدی، ورلڈ کلاس آل راوٴنڈر عبدالرزاق، ہونہار نوجوان بیٹسمین عمر اکمل، نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر، مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم، پیسر محمد آصف اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے ماہر گیندباز عمر گل کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔

چیف سلیکٹر محسن خان 1980ء کے دوران پاکستان ٹیم کے سٹائلش اوپننگ بلے باز تھے۔ کرکٹ کیریئر کے بعد محسن خان نے بھارتی فلمی صنعت بالی وُڈ میں بھی اپنی قسمت آزمائی، لیکن جتنی کامیابی انہیں کرکٹ کی پچ پر حاصل ہوئی، فلم کی دنیا میں وہ اتنے کامیاب نہ ہو سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اقبال قاسم کے استعفے کے بعد محسن خان کو نیا چیف سلیکٹر مقرر کیا۔ آسٹریلیا کے انتہائی ناکام دورے کے بعد قاسم اخلاقی بنیادوں پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، تاہم بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ اب بھی اپنے عہدے پر فائز ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں