1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھت گرنے سے خواتین کے زیر جامے چرانے والا چینی چور پکڑا گیا

مقبول ملک25 دسمبر 2014

چینی حکام نے ایک ایسے چور کو گرفتار کر لیا ہے جس کی سالہا سال تک خواتین کے زیر جامے چرانے کی جنونی عادت اس وقت منظر عام پر آئی جب وہ چھت ہی گر گئی جس میں اس نے ہزاروں چوری شدہ انڈر گارمنٹس چھپا رکھے تھے۔

https://p.dw.com/p/1EA2k
تصویر: picture-alliance/dpa

بیجنگ سے ملنے والی رپورٹوں میں چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پولیس نے اس شخص کو یُولِن کے شہر میں گرفتار کیا۔ اس کا نام ’تانگ‘ بتایا گیا ہے اور اس کی عمر تیس اور چالیس سال کے درمیان ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اسے اس کی جوانی کے اوائل ہی سے 'خاص طرح کے ذہنی مسائل‘ کا سامنا رہا ہے۔ ’’اسے یہ بھی یاد نہیں کہ وہ کتنے سالوں سے خواتین کے زیر استعمال زیر جامے چرا کر انہیں جمع کرتا آیا ہے یا وہ ایسی اشیاء کے بارے میں کب سے جنونی سوچ کا حامل ہے۔‘‘

Wäscheleine Europa
تصویر: Fotolia

نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ یہ چینی شہری جو زنانہ زیر جامے چراتا تھا، انہیں وہ اس عمارت میں جہاں وہ رہتا تھا، ہنگامی حالات میں عمارت سے باہر نکلنے کے لیے استعمال ہونے والی آخری منزل کے ایک دروازے کے قریب چھت میں چھپا دیتا تھا۔

ملزم کا جرم اس وقت سامنے آیا جب یہ چھت گر گئی اور پولیس کو وہاں سے دو ہزار سے زائد بریزیئر اور انڈرویئر ملے جو اس نے وہاں چھپا رکھے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم ایک بڑے رہائشی کمپلیکس میں اپنے فلیٹ میں رہتا تھا اور اس کمپلیکس میں رہنے والی بہت سی خواتین نے ماضی میں شکایت کی تھی کہ ان کے گھروں سے ان کے زیر جامے پراسرار طور پر غائب ہو جاتے تھے۔ چین کے سرکاری میڈیا نے اپنی رپورٹوں میں مزید لکھا ہے کہ تانگ کے پاس ایک ایسی چابی تھی جس کی مدد سے اس کمپلیکس کے ہر فلیٹ کا دروازہ کھولا جا سکتا تھا۔

یُولِن کی پولیس کے مطابق، ’’ملزم خواتین کے انڈر گارمنٹس چوری کرنے کے لیے اس کمپلیکس کے مختلف گھروں میں اس وقت جاتا تھا جب ان کے رہائشی اپنے گھروں سے باہر ہوتے تھے۔‘‘