1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چين: جديد آبدوز کی بدولت ملکی دفاعی صلاحيت ميں اضافہ

15 مئی 2022

امريکی محکمہ دفاع نے گزشتہ سال يہ امکان ظاہر کيا تھا کہ چين جوہری صلاحيت سے ليس کوئی نئی جديد ترين آبدوز تيار کر سکتا ہے۔ اب سيٹلائٹ تصاوير ميں ممکنہ طور پر ايک نئی چينی آبدوز ديکھی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4B5po
Chinesisches U-Boot (Archiv)
تصویر: picture alliance/Kyodo

سيٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاوير ميں ايک چينی شپ يارڈ ميں ايک نئی کلاس کی آبدوز ديکھی گئی ہے۔ عسکری تجزيہ کاروں کے مطابق قوی امکان ہے کہ يہ بالکل ہی نئی طرز کی يا 'اپ گريڈ‘ کلاس کی جوہری صلاحيت سے ليس آبدوز ہو۔

’کیا دنیا کا کوئی دوسرا ملک بھارت کو جوہری آبدوز پٹے پر دے گا؟‘

امريکی محکمہ دفاع پينٹاگون نے گزشتہ برس نومبر ميں ايک انٹيليجنس رپورٹ جاری کی تھی، جس ميں يہ دعویٰ کيا گيا تھا کہ چين آئندہ چند برسوں ميں ايک نئی آبدوز تيار کر سکتا ہے۔ پينٹاگون کے مطابق 'ورٹيکل لانچ ٹيوبز‘ کی حامل ممکنہ آبدوز کروز ميزائل فائر کرنے کی صلاحيت کی حامل ہو سکتی ہے۔ اسی رپورٹ کے اجراء کے بعد سے عسکری تجزيہ کار اور انٹيلينجنس ايجنسياں چينی سرگرميوں کو باريکی سے ديکھ رہے ہيں۔

فوری طور پر يہ واضح نہيں کہ آيا يہ ماڈل، کسی نئی آبدوز کا ہے يا کسی پرانی آبدوز کو جديد تر بنايا گيا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے ايک نجی سيٹلائٹ 'پلينٹ ليبز‘ کی يہ تصاوير حاصل کر ليں اور يہ سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر بھی گردش کر رہی ہيں۔ تصاوير ميں مذکورہ آبدوز صوبہ لياؤننگ کی ہولوڈاؤ بندرگاہ پر کھڑی ہے۔

امریکی ایٹمی آبدوز بحیرہ جنوبی چین میں ’حادثے‘ کا شکار

يہ آبدوز چوبيس اپريل سے چار مئی تک پانی کی سطح پر آئی تھی مگر اس کے بعد سے يہ سمندر کے اندر ہی ہے اور ايک ہی مقام پر کھڑی ہے۔ سنگاپور سے وابستہ سکيورٹی ماہر کولن کوہ کے بقول چين کی ٹائپ 093 ’ہنٹر کلر‘ طرز کی آبدوز کی نئی کلاس کے حوالے سے مبصرين ميں کافی دلچسپی پائی جاتی تھی مگر فی الحال سيٹلائٹ تصاوير شناخت کے ليے ناکافی ہيں۔ ان کا مزيد کہنا تھا کہ تصاوير واقعی دلچسپ ہيں ليکن ان کے بارے ميں حتمی رائے دينا قبل از وقت ہو گا۔

فرانس آبدوز معاہدہ کی منسوخی: اتحادیوں میں تعلقات کشیدہ

يہ امر اہم ہے کہ 'ورٹيکل لانچ ٹيوبز‘ چين کی 'ہنٹر کلر‘ آبدوز کو اور کارآمد بنا ديں گی۔ يوں يہ زيادہ مہارت کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے والے ميزائل سے ليس ہو سکے گی۔

چينی وزارت دفاع نے فی الحال اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے۔ چين کی لڑاکا آبدوزيں وقت کے ساتھ تبديل ہو رہی ہيں۔ انہيں بيلسٹک ميزائلوں سے دفاع کے قابل بنانے، بحری جہازوں کے دفاع کے قابل بنانے اور دشمن کے جہازوں کا پيچھے کرنے کے ليے جديد سے جديد تر بنايا جا رہا ہے۔

مونٹيری ميں 'مڈلبری انسٹيٹيوٹ آف انٹرنيشنل اسٹڈيز‘ ميں اسلحے سے متعلق امور پر نگاہ رکھنے والے پروفيسر جيفری لوئيس کا کہنا ہے کہ تازہ سٹيلائٹ تصاوير نے جوابات سے زيادہ سوالات کھڑے کر ديے ہيں۔

سمندر کے پانیوں میں تیرتی ڈرون آبدوزیں

ع س / ب ج (روئٹرز)