1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوپ فرانسس رومانیہ کے دورے پر

31 مئی 2019

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس تین روزہ دورے پر جمعہ اکتیس مئی کو رومانیہ کے دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ بیس برس بعد کوئی پوپ اِس مشرقی یورپی ملک کا دورہ کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3JXLX
Papst Franziskus in Rumänien
تصویر: Getty Images/A. Pungovschi

پوپ فرانسس اکتیس مئی کو روم میں رومانیہ کے پندرہ بے گھر افراد کے ساتھ ملاقات کے بعد بخارسٹ کے لیے روانہ ہوئے۔  بخارسٹ کے ہوائی اڈے پر پوپ کا استقبال رومانیہ کے صدر نے کیا۔ اس دورے سے قبل جاری کیے گئے پیغام میں پوپ نے واضح کیا کہ وہ رومانیہ کے لوگوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی خواہش رکھتے ہیں کیونکہ اکٹھے رہنے ہی میں خاندان کی جڑیں سلامت رہتی ہیں۔ اس پیغام میں انہوں نے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے پر بھی زور دیا۔

پوپ رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ پہنچنے کے بعد دوسرے بڑے شہر یاسی (Iasi) بھی جائیں گے۔ اس کے علاوہ پوپ رومانیہ کے علاقے ٹرانسیلوینیا کے چھوٹے سے قصبے بلاژ (Blaj) کا بھی دورہ کریں گے۔ بلاژ کو ٹرانسیلوینیا علاقے میں روم کیتھولک آبادی کا ایک اہم ثقافتی و تاریخی مرکز قرار دیا جاتا ہے۔

بخارسٹ پہنچنے کے بعد وہ صدر کلاؤس ایوہانس اور خاتون وزیر اعظم  ویوریکا ڈانچیلا سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ رومانیہ کی عوام سے ٹیلی وژن پر خصوصی خطاب بھی کریں گے۔ اس دورے کی سب سے بڑی تقریب اتوار دو جون کو سُومُلیو چیوک (Sumuleu Ciuc) نامی شہر میں واقع ایک مقدس مزار پر منعقد کی جائے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس خصوصی دعائیہ تقریب میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ اس شہر میں حضرت مریم کا ایک لکڑی کا مجسمہ ہے اور یہ رومن کیتھولک عقیدے کے ماننے والوں میں گزشتہ چار صدیوں سے محترم خیال کیا جاتا ہے۔

Papst Franziskus in Rumänien
بخارسٹ کے ہوائی اڈے پر پوپ کے استقبال کے لیے کیتھولک راہبائیںتصویر: Getty Images/A. Pungovschi

رومانیہ میں قیام کے دوران پوپ اُن سات پادریوں کو مقدس قرار دیں گے جنہیں کمیونسٹ دور میں جیلوں کے اندر سخت جسمانی اذیت دی گئی جو ان کی اموات  کا سبب بنی۔ اس ابتدائی مرحلے کے بعد ان مرحوم پادریوں کو ولی یا سینٹ قرار دینے کے حتمی مرحلے کا آغاز ہو جائے گا۔

رومانیہ میں گریک کیتھولک آبادی کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے قریب ہے۔ رومن کیتھولک اور مقامی آرتھوڈکس چرچ کے عقیدت مندوں کے باہمی تعلقات کمیونسٹ دور حکومت کے زوال کے بعد کی مسلح کشیدگی سے متاثر ہوئے تھے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کمیونسٹ دور میں گریک اور رومن کیتھولک آبادی نے ڈھکے چھپے انداز میں مزاحمتی سلسلہ جاری رکھا تھا۔

یورپ میں رومانیہ ایک معاشی طور پر کمزور ملک خیال کیا جاتا ہے اور یہاں بے روزگاری اور غربت کی شرح خاصی بلند ہے۔ سولہ فیصد نوجوان آبادی یورپی ممالک کی جانب مہاجرت اختیار کر چکی ہے۔ یورپی یونین نے رومانیہ کو رکنیت سن 2007 میں دی تھی۔

جب پاپائے روم نے سوڈانی رہنماؤں کے پاؤں چومے