1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیپ بلاٹر صدر پوٹن کی دعوت پر روس جائیں گے

عاطف توقیر
20 اکتوبر 2017

عالمی فٹ بال فیڈریشن فیفا کے سابق سربراہ سیپ بلاٹر کا کہنا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر اگلے برس روس میں ہونے والے فٹ بال کے ورلڈ کپ مقابلوں کے موقع پر روس جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/2mEgs
FIFA Logo
تصویر: Getty Images/AFP/F. Coffrini

فیفا کی سربراہی سے برطرف کیے جانے والے سیپ بلاٹر پر پابندی عائد ہے کہ وہ فٹ بال کے کسی بھی ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکتے، تاہم بلاٹر نے کہا ہے کہ وہ صدر پوٹن کی درخواست پر روس جائیں گے۔

’فیفا نے دھوکا دیا، اب بھی صدر ہوں‘، سیپ بلاٹر

سیپ بلاٹر فیفا کی صدارت سے مستعفی

بلاٹر اگلے چار سال کے لیے پھر فیفا کے صدر منتخب

81 سالہ سیپ بلاٹر نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا، ’’میں اگلے برس عالمی کپ کے موقع پر روس جاؤں گا۔ مجھے روسی صدر پوٹن کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔‘‘

بلاٹر نے بتایا کہ یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن UEFA کے برطرف کیے جانے والے سابق صدر میشائل پلاٹینی کو بھی ان عالمی مقابلوں کے تناظر میں روسی صدر کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔

تاہم پلاٹینی کے قریبی رفقاء کا کہنا ہےکہ پلاٹینی کو صدر پوٹن کی جانب سے اس طرز کا کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا اور فی الحال یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ اگلے برس موسم گرما میں کہاں ہوں گے اور کیا کریں گے۔

سیپ بلاٹر جنہوں نے فٹ بال کی عالمی فیڈریشن کی قریب 17 برس تک قیادت کی، انہیں سن 2015ء میں کرپشن کے ایک بہت بڑے اسکینڈل کے بعد ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

فیفا کی اخلاقیات سے متعلق کمیٹی نے انہیں معطل کرتے ہوئے ان کی فٹ بال سے متعلق ہر قسم کی سرگرمیوں میں شرکت پر چھ برس کی پابندی عائد کر دی تھی۔ بلاٹر کے خلاف یہ الزام ثابت ہو گیا تھا کہ انہوں نے پلاٹینی سے دو ملین سوئس فرانک کی ناجائز رقم وصول کی تھی۔

تاہم بلاٹر متعدد دفعہ کہہ چکے ہیں کہ وہ عالمی کپ فٹ بال مقابلوں سے دور رہنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔