1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاورائیر پورٹ سے پروازوں کا سلسلہ بحال

8 جون 2010

تقریباً ایک سال کے تعطل کے بعد خلیجی ممالک کی ہوائی کمپنیوں نے پشاورکے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنی پروازوں کا سلسہ بحال کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NkNZ
تصویر: AP

خبر رساں ادارے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے پشاورایئر پورٹ کے ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ پیر سے خلیجی ممالک کی متعدد ہوائی کمپنیوں نے اپنی پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا ہے۔

گزشتہ سال جولائی کے وسط میں سیکیورٹی کی خستہ صورتحال کی بنا پر پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازوں کا سسلہ بند کردیا گیا تھا۔

پشاورایئر پورٹ کے مینیجر ظہورعلی شاہ نے بتایا ہے کہ قطر ایئر ویز،گلف ایئر، ایئرعربیہ، اتحاد ایئر ویز اور امارات ایئر لائنز نے اپنی باقاعدہ پروازیں بحال کر دی ہیں۔ ظہور علی نے بتایا کہ جیسے ہی سیکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر ہو گی تو دیگر بین الاقوامی ہوائی کمپنیاں بھی پشاور ایئر پورٹ سے اپنا آپریشن شروع کر دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ایئر لائنز بھی یکم جولائی سے پشاور سے اپنی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دے گی۔

Anschlag in Pakistan auf Luxushotel Flash-Galerie
پشاور میں پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں ائیر پورٹ بند کر دیا گیا تھاتصویر: AP

پشاورمیں انتہا پسندوں کی کارروائیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی سلامتی کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے پشاورسے بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں نے اپنے آپریشنزبند کر دئے تھے۔

پاکستان کے قبائلی اورشمال مغربی سرحدی علاقوں میں انتہا پسندوں کے خلاف شروع کئے گئے عسکری آپریشن کے نتیجے میں پشاور میں بھی دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوا تھا۔ حال ہی میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے عسکری کارروائی کے بعد طالبان باغیوں کے کئی اہم ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا اور اور کئی اہم مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے اپنا قبضہ قائم کر لیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق